کلرسیداں (نامہ نگار+ ایجنسیاں) وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے ملک میں ہیجان انگیزی اور افراتفری کی سیاست کا ٹھیکہ اٹھا لیا ہے۔ اس قسم کی سیاست اور بلاجواز محاذ آرائی جمہوریت کے لیے زہر قاتل ہے۔ یہ طرز عمل ملک کی ترقی میں بہت بڑی رکاوٹ ہے۔ افراتفری اور انتشار نہ جمہوریت کے مفاد میں ہے اور نہ ہی ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلے منتخب پارلیمان ، اعلی عدالتوں اور عوام کی عدالت میں ہوتے ہیں گلیوں اور چوراہوں پر نہیں۔ وزیر داخلہ نے مختلف مقامات کا دورہ کیا۔ اس دوران پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی کی اہم شخصیات جن میں سابقہ ناظمین، نائب ناظمین اور کونسلرز شامل ہیں کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور ترقی سے قومیں آگے بڑھتی ہیں اور انتشار ، ہیجان انگیزی اور افراتفری سے کئی برس پیچھے چلی جاتی ہیں۔ کوئی سنجیدہ پاکستانی منفی اور الزام تراشی کی سیاست کی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مضبوط کرنا ہے تو بردباری، تحمل مزاجی اور سنجیدگی کی سیاست کا رواج ڈالنا ہو گا اور گالی گلوچ کی سیاست کو مسترد کرنا ہوگا کارکردگی جھوٹے وعدوں اور بے سروپا تقریروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ظاہر ہوتی ہے۔ سیاست کی آڑ میں بلند وبانگ دعووں ، کھوکھلے نعروں اور عوام الناس کو گمراہ کرنے کی روش اختیار کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ 2018 میں اپنی بقا کی جنگ لڑنے والے عوام کو گمراہ کرنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں گے ایسے عناصر کو اپنی عوامی خدمت اور کارکردگی کے بل بوتے پر بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس پارٹیاں بدلنے اور جھوٹے اور پرفریب وعدوں کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں۔ ہر چڑھتے سورج کو سلام کرنے والے اور ہر در پر سلامی دینے والے علاقے کے عوام کے وفادار نہیں ہو سکتے۔ ہم نے قومی سیاست میں اسلام کا تقدس اور ملکی مفاد کو مقدم رکھا اور حلقے کی سیاست میں ہمیشہ عوام کی ترقی و خوشحالی اور علاقے کی پس ماندگی دور کرنے کے لیے ہر وقت برسرپیکار رہے۔ ہر الیکشن میں نئے پرندے آ جاتے ہیں۔ الیکشن میں مخالفین کی تدبیروں کو دریائے سواں میں دفن کر دیں گے۔ میں کبھی جھکا نہیں ، بکا نہیں ، اپنے موقف سے ہلا نہیں۔ آج کل حالات بہت ابتر ہیں مسلمان دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اوباما سے کہا کہ مسلمان دہشت گردی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہیں مسلمانوں کیلئے کھڑے ہونا میرے ایمان کا حصہ ہے، ہمیشہ حق اور سچ کی بات کی ہے، میں نے ڈٹ کر پاکستان کا دفاع کیا۔ مجھے خریدنے اور بڑے عہدے دینے کی کوشش کی گئی بڑے بڑے سیاستدانوں پر الزام لگے مجھ پر دشمن بھی الزام نہیں لگایا تبدیلی کی بات وہ کر رہے ہیں جنہوں نے ملک کا تیا پانچا کیا تبدیلی اپنے گھر سے آسکتی ہے۔ پارٹی قیادت کے سامنے بھی سچی بات کرتا ہوں۔