پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جانے والے کیمیائی مرکبات انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں، ماہرین صحت

May 14, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جانے والے کیمیائی مرکبات انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہیں۔ ماہرین صحت کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کے لئے محفوظ اور تازہ رکھنے کے لئے عمومی طورپر جو کیمیکل استعمال کئے جاتے ہیں اس میں کیلشیم ، کاربائیڈ ، آرسینک اور فاسفورس وغیرہ شامل ہیں جوکہ دنیا کے کئی ممالک میں اس کے استعمال پر پابندی عائد ہے تاہم یہاں پر پھلوں اور سبزیوں میں استعمال عام ہے جو کہ انتہائی مضر ہے۔ ایک سرکاری ہسپتال کے ماہر غذائیت ڈاکٹر احسن اکرم نے اے پی پی کو بتایاکہ یہ کیمیکل پھلوں اور سبزیوں کو محفوظ کرنے کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں تاہم اس کے مضر اثرات صحت پر پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پھلد ار درختوں آم ، کیلا ، سیب سمیت دیگر کی نشو و نما کے لئے بھی مختلف قسم کے ہارمونز اور سلفر کا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ انسانی زندگی کے لئے خطرہ ہیں۔ ایک مقامی ہسپتال کی فزیشن ڈاکٹر تسنیم اختر نے بتایاکہ ان کیمیکلز کے نتیجے میں کینسر ، گردوں اور معدے کی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کیمیکلز کی روک تھام کے لئے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہاکہ مارکیٹ میں دستیاب دودھ، دہی اور دیگر اشیائے خوردونوش بھی خالص نہیں جبکہ اب پھلوں اور سبزیوں میں کیمیکلز کا استعمال بڑھنے لگا ہے۔ ایک خاتون ثمینہ چوہدری نے کہاکہ عوام کس پر اعتماد کریں جب اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ ہو تو پھر کیا کھایا جائے ۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کیمیکلز کے استعمال کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کرے۔

مزیدخبریں