نوازشریف نان سٹیٹ ایکٹرز کو جانے کی اجازت کا بیان نہیں دے سکتے‘ انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا : شہبازشریف

May 14, 2018

میرپور خاص‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نواز شریف کے بیان پر وضاحت پیش کر دی۔ شہباز شریف نے کہا اخبار نے نواز شریف کا انٹرویو توڑ مروڑ کر پیش کیا، نان سٹیٹ ایکٹرز کو جانے کی اجازت کا بیان نواز شریف نہیں دے سکتے، فوج اور قوم نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں، پاکستان دہشت گردوں کو ایسی اجازت نہیں دے سکتا، کیا نواز شریف اس طرح کی بات کر سکتے ہیں؟ سندھڑی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہماری ماﺅں بہنوں کا خون بہایا جا رہا ہے، بھارت آج افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان کیخلاف سازشیں کر رہا ہے، اللہ نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ہے، بھارت نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو فوج، عوام اس کی آنکھیں نوچ لیں گے۔ انہوں نے کہا کافی عرصے بعد سندھڑی آیا ہوں، محمد خان جونیجو ایک نفیس آدمی تھے۔ پنجاب کا خادم اعلیٰ ہوں لیکن پہلے پاکستان اور سندھ کا چاہنے والا ہوں۔ جب تک چاروں صوبے خوشحال نہیں ہوں گے پاکستان خوشحال نہیں ہو گا۔ چاروں صوبوں کو حق کے مطابق پانی مل رہا ہے۔ سندھ کے عوام نہیں چاہتے تو کالاباغ ڈیم نہیں بنے گا۔ یہ پانی کی چوریاں خود کرتے ہیں اور الزام دوسروں کو لگاتے ہیں۔ زرداری صاحب کو سندھ میں حکومت کرتے 10 سال ہو گئے، یہ باتیں دل سے کر رہا ہوں، دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کتنوں کو یہاں سستی کھاد مل رہی ہے۔ ہم نے پنجاب میں اپنے پیسوں سے سستی کھاد دی۔ ہم نے پنجاب میں بلاسود قرضے دیئے، کیا آپ کو بلاسود قرضے دیئے، کیا آپ کو ملے؟ سندھ کیلئے کالاباغ ڈیم ایک بار نہیں سو بار قربان کریں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بیٹی ایک عظیم لیڈر تھیں۔ زرداری نے سندھ کو کھوکھلا کر دیا، سندھ کی دولت لوٹ کر دبئی لے گئے۔ سندھ کے لوگوں نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تو کراچی کو لاہور بنا دوں گا۔ دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے ایک اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے دعوﺅں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن اس خبر کے تمام مفروضوں اور دعوﺅں کو چاہے وہ براہ راست ہوں یا بالواسطہ اسے یکسر مسترد کرتی ہے۔ ایک بیان میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ ریاست پاکستان اور اس کے تمام ادارے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی مفادات پر کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ہم کریں گے۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ رپورٹ میں مسلم لیگ ن کے قائد کے حوالے سے جو ریمارکس غلط طور پر ان سے منسوب کیے گئے ہیں وہ مسلم لیگ ن کی پارٹی پالیسی کی نمائندگی نہیں کرتے۔
شہباز شریف

مزیدخبریں