”بھارتی میڈیا کے پراپیگنڈے کو دانستہ اچھالا گیا ہے “ ترجمان مسلم لیگ ن

May 14, 2018

اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد مسلم لیگ (ن) کے بیان کو بھارتی میڈیا نے توڑ مروڑ کر پیش کیا،انٹرویو سے متعلق حقائق گمراہ کن انداز میں بیان کئے گئے ،بدقسمتی سے پاکستانی میڈیا کے ایک حصے نے بھارتی میڈیا کے پراپیگنڈہ کو دانستہ غیر دانستہ اچھالا،انٹرویو کی تفصیلات جانے بغیر اپنی مرضی کے حصے کو پیش کیا گیا ۔سوشل میڈیا پر بھی نواز شریف کا انٹرویو غلط انداز میں پیش کیا گیا ۔ نواز شریف نے 1998 میں ملکی سلامتی سے متعلق مشکل فیصلہ کیا ۔ انہوں نے غیر ملکی دباﺅ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ قومی سلامتی سے متعلق کسی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ۔ترجمان کے مطابق شہباز شریف کے آئندہ الیکشن میں کردار کے حوالے سے بیان بھی مسخ کرکے پیش کیا گیا ،شہباز شریف پارٹی صدر ہیں انکی کارکردگی کے سب معترف ہیں۔وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف نے وہی مو قف دیا ہے جو پہلے بھی ریاستی ادارے دیتے رہے ہیں، کیا ملک اور آئین توڑنے والا غدار نہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ ، افسوس کی بات ہے بات ہے غداراسے کہا جارہے جس نے ایٹمی دھماکہ کیا، نااہل اسے کہا جارہا ہے جس نے سی پیک کا تحفہ دیا۔وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹر آصف کرمانی نے کہا احسن اقبال کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ممبئی حملوں کے حوالے سے نواز شریف کے بیان پر سوال کے جواب میں آصف کرمانی نے کہا کہ حملوں میں بھارت نے تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔
ترجمان ن لیگ

مزیدخبریں