شکارپور(نامہ نگار) گروہی تصادم کے دوران چھ افراد ہلاک ، راہگیروں سمیت دس سے زائدشدید زخمی۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل خانپور میں تھانہ ناپر کوٹ کی حدود کچے کے علاقے گاؤں حاجی مہران خان بجارانی میں تیغانی اور بجارانی فریقین کے درمیان جاری تنازعہ شدت اختیار کرنے پر دونوں جانب سے اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ دونوں فریقین کے مورچہ بند مسلح افرادنے جدیداسلحے کا آزادانہ استعمال کرتے ہوئے پو رے علاقے کو میدان جنگ بنادیا۔ کئی گھنٹوں کی شدید فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس کی لہر چھا گئی۔ملی ہوئی معلومات کے مطابق شدیدفائرنگ کے نتیجے میں بجارانی برادری کے دو افراد امیر احمد ولد عطا محمد بجارانی اور جانی ولد محمد لقمان بجارانی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ دو راہگیروں سمیت دونوں جانب کے دس افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں سول اسپتال شکارپور پہنچایا گیا،جہاں سے انتہائی نازک حالت کے باعث تین لوگوں کو سکھر اسپتال منتقل کردیا گیا۔دیہاتیوں کی جانب سے پولیس کو بروقت اطلاع دینے کے باوجود پولیس دیر سے پہنچی۔ پولیس کے پہنچتے ہی تیغانی برادری کے مسلح افراد اور پولیس کے درمیاں فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ پولیس نے دعویٰ کی ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے تیغانی برادری کے چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جو کہ مختلف جرائم میں پولیس کو مطلوب تھے،جن میں سے دو کی شناخت طوطو تیغانی اور سلیمان تیغانی کے طور پر ہوئی ہے۔
تصادم