میلبورن (سپورٹس ڈیسک )پاکستان کی پاور لفٹر مریم نسیم نے آسٹریلیا میں ہونے والے پاور لفٹنگ مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برانز میڈل جیت لیا۔آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں ہونے والے ایویا پاور لفٹنگ مقابلوں میں مریم نسیم نے انجری کے باوجود شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 63 کلوگرام کی کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔ایونٹ میں آسٹریلیا میں مقیم 7 ملکوں کے پاور لفٹرز نے شرکت کی اور مریم نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔گزشتہ سال چاندی کا تمغہ جیتنے والی مریم نسیم کمر کی انجری کے باعث تکلیف میں تھی اور انہوں نے کہا کہ مجھے یقین نہیں تھا کہ مقابلے میں حصہ بھی لے پاؤں گی یا نہیں لیکن والدین کی دعاؤں کی بدولت میں میڈل جیتنے میں کامیاب رہی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں اس کامیابی پر اپنے کوچ اور والدین کا شکریہ ادا کیا۔پشاور سے تعلق رکھنے والی مریم نسیم اعلیٰ تعلیم کے لیے ان دنوں آسٹریلیا میں مقیم ہیں اور وہ دن میں بینک میں نوکری کرنے کے بعد اپنی ویٹ لفٹنگ کی پریکٹس کرتی ہیں۔
پشاور کی خاتون پاور لفٹر نے آسٹریلیا میں کانسی کاتمغہ جیت لیا
May 14, 2018