اسلام آباد ( پ ر) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات محمد علی درانی نے کہا ہے کہ نوازشریف نے ملک کے خلاف جھوٹا سلطانی گواہ بننے کے لئے خودکو پیش کردیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ممبئی حملوں میں پاکستان کو ملوث کرنے کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے نوازشریف کو پارٹی سرپرست کے عہدے سے برطرف کرے اور ان کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا اعلان کریں۔ کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی وزیراعظم، وزراء اور حکومتی عہدیداروں کی نوازشریف سے ملاقاتوں اور رابطوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے قومی رازوں کی پاسداری کے قانون کے تحت قانونی اقدامات کا حکم دے۔ یہ وقت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کو حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوازشریف کی ملک دشمنی کے خلاف کھڑے ہوجانا چاہئے۔ نوازشریف 2018ء کے انتخابات بھارتی ٹینکوں اور بھارتی پیسوں سے لڑیں گے۔ پاکستان کی خالق جماعت کے نام پر ایسی ملک دشمنی کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔