لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سروسز ہسپتال میں زیرعلاج وزیر داخلہ احسن اقبال کی عیادت کی۔ وزیراعظم نے احسن اقبال سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کچھ وقت احسن اقبال کے ہمراہ رہنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو گئے۔ مزید برآں لاہور چیمبر آف کامرس کی اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے برآمد کنندگان پر زور دیا ملکی ترقی کیلئے برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنا ہو گا، عالمی منڈیوں میں مسابقت کیلئے ملک میں بہت زیادہ صلاحیت پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا حکومت نے تاجر برداری اور سرمایہ کاروں سے کئے گئے تمام وعدے پورے کئے ہیں اور ان کے مطالبات کو پورا کیا ہے اور اب ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں اور برآمدات کو 40 ارب ڈالر سے 100 ارب ڈالر تک لے کر جائیں۔ وزیراعظم نے برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ حکومت کو ملکی برآمدات میں اضافہ کیلئے اقدامات تجویز کریں۔ انہوں نے کہا برآمد کنندگان کیلئے اعلان کردہ مراعات کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور برآمدات میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا الیکشن جولائی میں ہوں گے، امید ہے کہ جو بھی حکومت آئے گی پالیسیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا برآمدات کے بڑھنے سے کاروبار اور آمدن میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا حکومت نے بجلی کی قلت دور کرنے کیلئے اپنے دور میں بجلی اور گیس کے کارخانے لگائے۔ انفراسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی، آج پاکستان میں 1700 کلومیٹر موٹروے مکمل ہو چکی ہیں، حکومت نے کاروبار میں اضافہ کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ انہوں نے کہا ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ اربوں روپے کے منصوبے مکمل کئے گئے۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان کی ترقی صرف جمہوریت سے وابستہ ہے، جمہوریت کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا، یقین ہے کہ آئندہ مسلم لیگ (ن) ہی حکومت بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہا ملکی شہری ہونے کے ناطے ہم پر ٹیکس ادا کرنا قانونی ذمہ داری ہے، ٹیکسوں سے ہی ملک کا نظام چلتا ہے۔ انہوں نے کہا تاجر برادری کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، ملک میں کاروبار کے بڑھنے سے ترقی ہو گی۔ جی سی یونیورسٹی میں سالانہ انڈومنٹ فنڈ ٹرسٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تعلیم کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جس کے فارغ التحصیل نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ترقی صرف جمہوریت سے وابستہ، تاجروں، سرمایہ کاروں کے مطالبات پورے کر دئیے: وزیراعظم
May 14, 2018