ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیرونی طاقتوں کی غلامی ہے: مولانا سمیع الحق

May 14, 2018

پشاور (بیورو رپورٹ) امریکی سفارتکارکو ملک سے اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنانا نہایت قابل تحسین اقدام ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی دفعہ کہی ہمت اور غیرت کا مشاہدہ کیا گیا ہے، ملک کے سکیورٹی اداروں کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے، غیرتمند اور خوددار قومیں اینٹ کا جواب پتھر سے دیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے مہتمم مولانا سمیع الحق نے مردان کے بڑے شہر رستم میں جلسۂ عام سے خطاب کے دوران کیا، جو علاقہ کے مشہور خطیب جید عالم دین اور جمعیۃ علماء اسلام (س) کے اہم رہنما مولانا ظہور احمد مرحوم کی تعزیت اور ان کے دئیے گئے درس قرآن کے اختتام کے سلسلہ میں منعقد ہوا جس میں مقامی اوردور دراز علاقوں سے بڑی تعداد میں علماء اور مسلمانوں نے شرکت کی ، مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیرونی طاقتوں کی غلامی ہے ، جس کے ہوتے ہوئے پاکستان کسی بھی بحران سے نہیں نکل سکتا ہے مولانا سمیع الحق نے ملک کے تمام سیاسی پارٹی کے کارکنوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے لیڈروں کو مجبور کریں کہ وہ آنے والے انتخابی منشور میں ملک کو بیرونی تسلط سے نجات دلانے کو اولین اہمیت دیں۔اس موقع پر شیخ الحدیث حضرت مولانا مغفور اللہ ،حضرت مولانا نجم الدین ، مولانا مبارک احمد ، مولانا حافظ عرفان الحق حقانی ، مولانا سید احمد شاہ اورمولانا عبدالقیوم حقانی ،مولانا اکرام الحق اور مولانا شیرعلی نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں