لاہور (خبرنگار) نواز شریف کا جنوبی پنجاب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے کا دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کام ساری قوم کے سامنے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں جنوبی پنجاب محرومی کا شکار رہا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما خسرو بختیار نے نواز شریف کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا حکومتیں آتی جاتی رہیں مگر کسی حکومت نے جنوبی پنجاب کی محرومیوںکو دور کرنے کی کوشش نہیں کی۔ جنوبی پنجاب کے ارکان کو زبردستی دوسری جماعتوں میں شامل کروانے کی بات بے بنیاد ہے۔ تحریک انصاف کا جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا عزم بے مثال ہے۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ عوام اپنی ترقی اور خوشحالی کیلئے تحریک انصاف کی جانب دیکھ رہے ہیں جبکہ شریف خاندان کے نامناسب روئیے کے باعث لوگ مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی نظر میں عوام کے ووٹ کی کوئی اہمیت نہیں، اس بار قوم ان کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔