ووٹر،ووٹ اورامیدوار(2)

لیکن پھر دل کو سمجھالیتے ہیں کہ اس بیچارے نے تو کوشش کی تھی حکومت ہی مخالف جماعت کی تھی تو کیا کرتا؟۔۔ اوردل بہل بھی جاتا ہے کاروباری حضرات کیلئے سازگارکاروباری ماحول ایسا ہی ضروری ہے جیسا پودے کو نشوونما کیلئے سورج کی روشنی اورپانی۔ اورکسی بھی سیاستدان کیلئے کاروباری حضرات اتنے ہی اہم ہیں جتنا کسی پودے کو اگنے کیلئے مٹی۔اوریہ مٹی جتنی ذرخیز ہوسیاستدان بھی اتنا ہی جلدی اگتا اورقدکاٹھ بڑھاتا ہے۔میرا تعلق کاروباری برادری سے ہے اوربفضل تعالیٰ سیاستدانوں کی آبیاری میں ہم بھی خون جگردیتے ہیں ہربارحمایت یافتہ امیدوارکو کاروباری سرگرمیوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں دورکرنے کے گرسکھاتے ہیں اسے کاروباری افراد کو سہولت دیکرملک کو پہنچنے والے بے پایاں فوائد سے آگاہ کرتے ہیں لیکن شاید کہیں کچھ کمی ہے اول تو شہربھرکی کاروباری برادری کی بھرپورمعاونت اورتائیدوحمایت کے باوجود امیدوارہارجاتا ہے یا پھر جیت جائے تو اسے یہ مسائل نظرہی نہیں آتے۔ہربار امیدوار،جماعت اورزراعانت بدل بدل کردیکھے ہیں کچھ فرق نظرنہیں آتا۔وطن عزیز میں نہ جانے کیوں ایسا نہیں ہوتا کہ سفید کلف لگا لٹھے کا سوٹ پہننے والا امیدوارخودکو گلی کی گندگی سے بچانے کے بجائے اسکی صفائی ستھرائی کا انتظام کردے ،جھوٹے مقدمات میں پھنسا کراحسان جتوانے اورووٹ چھیننے والا اپنی ڈگربدل دے۔ گھر سے اٹھوا کر ووٹ نہ دینے پرچھترول کرانے والاوڈیرہ ایسا رویہ رکھے کہ میں خود اسے ووٹ دوں نہ اسے زحمت ہو،نہ اسکے کارندوں کواورنہ ہی مجھے رات بھرٹکو رکرنی پڑے۔کیوں ایسا نہیں ہوتا کہ استحصال کرنیوالے سے ڈرکے بجائے میں ایک بار استحصال برداشت کرلوں اوراپنے بچوں کو مستقبل محفوظ بنا لوں۔میں پیر کی ناراضگی کے ڈر سے اسے ووٹ دینے کے بجائے خدا کو راضی کرنے اورحق کوووٹ دینے کی جرات کروں ؟ میں کیوں برادری کے بڑے بوڑھوں کی بات مانتا ہوں اورضمیر کی آواز نہیں سنتا؟ کیوں میں اپنی کاروباری برادری میں سے کسی کو آگے لانے کے بجائے کسی دوسرے امیدوارپرانحصارکرتا ہوں۔یہ سب سوچنے اورکرگزرنے کی باتیں ہیں اوراگرمیں یہ سب نہیں کرسکتا تو پھر مجھے سیاستدانوں پرتنقیدنہیں کرنی چاہیے کیونکہ ووٹ کے تقدس اوراس کی اہمیت پامال کرنیوالا سب سے پہلا شخص اورپہلی اکائی میں خود ہوں۔
(ختم شد)

ای پیپر دی نیشن