جلال آباد ( سنہوا + اے ایف پی +نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) سرکاری عمارت پر حملے، طالبان کی کارروائیوں میں 4 امریکی فوجیوں سمیت 22 مارے اور بیسیوں زخمی ہوگئے۔ صوبے جلال آباد میں ڈائریکٹوریٹ آف فنانس پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا۔ عمارت میں 2دھماکے کئے گئے اوراندر گھس کر شدید فائرنگ کی ۔ 9افراد ہلاک اور36سے زائد زخمی ہوگئے۔ جلال آباد مشرقی صوبے ننگر کا دار الحکومت ہے۔ ایک اہلکار اور صوبائی گورنر کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے فوری آپریشن کیا جس میں ایک حملہ آور مارا گیا۔ ایک اور اہلکار اور عینی شاہد نے میڈیا کو بتایا حملہ آوروں کی تعداد 2تھی۔ میرے دوست جان بچانے کے لئے بھاگے کھڑکی سے کودنے پر ایک شدید زخمی ہو گیا ۔ میری بھی ٹانگ ٹوٹ گئی لیکن جان بچانے میں کامیاب رہا۔ مرنیوالوں میں ایک پولیس اہلکار3 ملاز مین اور5شہری شامل ہیں۔ نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس حملے کی فوری طور پر داعش نے ذمہ داری قبول کر لی۔ ہلاک ہونوالوں میں فنانس ڈیپارٹمنٹ کے3 ملازمین شامل ہیں۔ حملہ آوروں نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کی عمارت کے سامنے کار بم دھماکہ کیا پھر اندر چلے گئے۔ افغانستان کے صوبہ قندوز میں سکیورٹی چیک پوسٹوں پرطالبان نے حملے کئے پولیس چیف کے مطابق 9 افغان فوجی ہلاک 5 زخمی ہوگئے جبکہ طالبان نے دعویٰ کیا ہے صوبہ پروان میں4 امریکی فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ ایرانی ٹی وی کے مطابق ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا صوبہ پروان کے شہر بگرام میں سڑک کے کنارے نصب کئے گئے بم کا دھماکہ کرکے امریکی فوجیوں کی بکتربند گاڑی کو اڑا دیا گیا۔دریں اثناء ہلمند میں افغان فضائیہ کے ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ، عملے کو بچاکر ہیلی کاپٹر کو تباہ کردیا گیا۔