اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر)سپریم کورٹ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کی تقرری کیس میںفیصلے پر نظر ثانی کیلئے دائر درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔ پیر کو سینیٹر پرویز رشید، عطاالحق قاسمی اور فواد حسن فوادکی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔ اس دوران فواد حسن فواد کے وکیل ابراہیم ستی کے معاون نے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ فواد حسن فواد کے وکیل ابراہیم ستی 14 جون تک علالت کے باعث چھٹی پر ہیں جس پر جسٹس عمر عطابندیال نے استفسار کیاکہ کیا تمام کیسز کو ایک ساتھ سنا جائے تو معاون وکیل منور دگل کا کہنا تھا کہ تمام اپیلیں ایک نوعیت کی ہیں ، جسٹس عمر عطابندیال نے کہاکہ پھر تمام درخواستوں کو ایک ساتھ سن لیا جاے گا ۔عدالت نے درخواست بغیر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
عطاء الحق قاسمی تقرر کیس، فیصلہ پرنظرثانی کیلئے درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
May 14, 2019