زمین کا تنازعہ ساہیوال میں ماموں سمیت 4 ، بورے والا میں 2 بھائی قتل

May 14, 2019

ساہیوال+ بورے والا+ گگو منڈی (نامہ نگاران ) اراضی کے تنازع پر 2سگے بھائیوں اور ماموں سمیت 4 افراد دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئے۔ قتل کی لرزہ خیز واردات ساہیوال میں ہوئی جہاں اراضی کے تنازعہ پر بھانجوں نے اپنے دو ماموں اور دیگر اہل خانہ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 3 شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے نواحی گائوں 94/9-L میں رضا وغیرہ بھانجوں کا اپنے ماموں یوسف خان اور جھنڈے خان کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا تھا جس پر گزشتہ شب ان کے درمیان لڑائی شدت اختیار کر گئی اور رضا وغیرہ نے فائرنگ کر کے اپنے سگے ماموں یوسف خان ،جھنڈے خان وغیرہ چار افراد کو قتل کردیا اور خواتین ممتاز بی بی اور ارشد بی بی سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔پولیس تھانہ یوسف والہ نے موقع پر پہنچ کر علاقہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ بورے والا میں نواحی گاؤں 427/ ای بی کے غلام مجتبیٰ کا اسکے بھائی علی شیر سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔ آج افطاری سے قبل غلام مجتبیٰ کے دونوں بیٹے 19 سالہ خلیل چشتی اور 26 سالہ ہمایوں چشتی اپنے رقبہ پر موجود تھے کہ انکے تایا زاد بھائی کاشف چشتی اور نجیب الدین اپنے دو بیٹوں کے ہمراہ وہاں آگئے اور فائرنگ کردی جس سے دونوں حقیقی بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔ نعشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے والد کی نشاندہی پر موقع سے تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

مزیدخبریں