پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد اوبیدابراہیم سلام الزابی نے منگل کو اسلام آباد میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ مشیرخزانہ نے کہا کہ دونوں ملکوں کو نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے حوصلہ افزائی کے ذریعے اپنے تعلقات کی مکمل صلاحیت سے استفادہ کرنا چاہیے۔عبدالحفیظ شیخ نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا ابوظہبی ترقیاتی فنڈز کے تحت پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو تذویراتی شراکتداری کے فروغ کیلئے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی غرض سے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں بہت سی کمپنیاں ہیں جو گوادر میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں اور انہوں نے اس مقصد کے لئے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کرنے کیلئے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔