ماحولیاتی تبدیلیوں پر اقوام متحدہ کے ایک پینل نے حکومتوں کے لئے ایسے نئے رہنما اصول مرتب کیے ہیں، جنہیں گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کا تخمینہ لگانے کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اقوام متحدہ کے بین الحکومتی پینل، آئی پی سی سی نے مغربی جاپان کے کیوٹو میں اپنے 49 ویں اجلاس کے ختم ہونے کے ایک دن بعد اس طریقہ کار کا اعلان کیا ہے۔ان نئے رہنما اصولوں کو لگ بھگ 130 ملکوں اور خطوں کے سائنسدانوں اور حکومتی عہدیداران نے تیار کیا ہے۔آئی پی سی سی کا کہنا ہے کہ دس سالوں بعد پہلی بار ان اصولوں کی تدوین نو کی گئی ہے۔ اب ان کی مدد سے تیارکردہ اخراج کے حکومتی تخمینے بہتر ہوں گے کیونکہ نئے رہنما اصول جدید ترین سائنسی علوم کے عکاس ہیں۔نئے اصولوں کے تحت ہر ملک سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر گرین ہاؤس گیسز کے تخمینے کے لیے مصنوعی سیاروں سے حاصل کردہ اعدادوشمار استعمال کئے جائیں گے۔ ہایئڈروجن کی تیاری کے دوران خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ کو بھی ان تخمینوں میں شامل کیا جائے گا۔ توانائی کے نئے ذریعے کے طور پر ہائیڈروجن کی جانب توجہ مبذول ہو رہی ہے۔اگر سنہ 2015 کے پیرس سمجھوتے کے اراکین نے ان رہنما اصولوں کو منظور کر لیا تو انہیں متعارف کروا دیا جائے گا۔