وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر کے 36اضلاع میں قائم رمضان بازاروں کی کڑی نگرانی جاری ہے۔اس سلسلے میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں ڈائریکٹر جنرل کی سر براہی میں روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کر رہی ہیں۔صوبہ بھر میں 97 رمضان بازاروں میں قائم ایک ہزار 948 سٹالز کی چیکنگ کے دوران 163کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی ہدایات پرعوام الناس کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں قائم رمضان بازاروں کی چیکنگ جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں 97 رمضان بازاروں میں ایک ہزار 948سٹالز کو چیک کیا۔لاہور زون میں 44، راولپنڈی 29، ملتان 19 جبکہ مظفر گڑھ زون میں 5 رمضان بازاروں کا معائنہ کیا گیا۔چیکنگ کے دوران حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں اور غیر معیاری سٹوریج میں بہتری کے لیے163 سٹالز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران236کلو ناقص خراب پھل،284 کلو گلی سڑی بدبودارسبزیاں تلف کر دی گئیں۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ مل کررمضان بازاروں میں معیاری اشیاء کی یقینی فراہمی کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ معیار پر سمجھوتہ نہ کریں،اشیاء خورونوش خریدتے وقت محتاط رہیں۔سٹالز سے چیز خریدتے وقت معیار کا سخت چیک رکھیں۔معیار کو برقرار رکھنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کاساتھ دیں اور غیر معیاری اشیاء کی موجودگی پر فوراً اطلاع دیں۔کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 080080500 پر کال یا فیس بک پیچ پر ان باکس کریں۔