اجتماعات کی ممانعت‘ بادشاہی‘ داتا دربار مساجد میں آج چند خوش نصیب ہی اعتکاف کرینگے

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملک بھر میں آج 20رمضان المبارک سے اعتکاف کا آغاز ہوگا جو شوال کا چاند نظر آنے تک جاری رہے گا۔ تاہم کرونا وائرس کے پھیلائو کے باعث سرکاری سطح پر اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیا گیا۔ محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے ترجمان آصف اعجاز کے مطابق امسال کرونا وائرس کے مدنظر رکھتے ہوئے جامعہ مسجد داتا دربار اور بادشاہی مسجد سمیت صوبہ بھر میں سرکاری طور پر اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیاگیا لیکن انتہائی مختصر تعداد میں افراد ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اعتکاف کریں گے۔ دوسری طرف جامعہ نعیمیہ اور جامعہ اشرفیہ نے بھی اجتماعی اعتکاف کا اہتمام نہیں کیا۔ جبکہ منہاج القرآن نے بھی شہر اعتکاف نہیں سجایا۔ اسلامی نظریہ کونسل کے رکن اور ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کے مطابق جامعہ نعیمیہ میں 4 افراد اعتکاف میں بیٹھ سکیں گے۔ مولانا مجیب الرحمن انقلابی کے مطابق جامعہ اشرفیہ میں بھی چند افراد کو اعتکاف کرنے کی اجازت ہو گی۔ بادشاہی مسجد میں 4 سے 5 افراد کو اعتکاف کرانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ دیگر بڑی مساجد، جامعات میں بھی محدود تعداد میں فرزندان اسلام اعتکاف کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن