اسلام آباد‘ فیصل آباد‘ بیجنگ‘ واشنگٹن‘لندن‘ مکہ مکرمہ(این این آئی‘ آن لائن‘ شہنوا‘عارف چودھری ‘ ممتاز بڈھانی) ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے باعث مزید 27افراد زندگی کے بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 761ہوگئی۔ 2468 نئے کیسز سامنے آگئے۔ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 35172 تک جا پہنچی۔ بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردی جس کے مطابق ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 35385 تک پہنچ گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2468 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اب تک کرونا کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پنجاب میں کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 13231 تک پہنچ گئی۔ ملک بھر میں اب تک 8812 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک 317699 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔ کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں سندھ پولیس کے سب انسپکٹر محمد حنیف زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ کراچی کے علاقے ملیر میں تعینات سب انسپکٹر محمد حنیف کرونا وائرس کا شکار ہوکر شہید ہوگئے۔ وفات سے قبل سب انسپکٹر حنیف کی جانب سے جناح ہسپتال میں بنائی گئی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، ویڈیو میں شہید سب انسپکٹر کو محکمے کے افسران سے داد رسی نہ ہونے کا شکوہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ شہید سب انسپکٹر محمد حنیف کے 24اپریل کو ریکارڈ کیے گئے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیسٹ کرانے آیا ہوں کسی نے صبح سے نہیں پوچھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران صوبے میں مزید 16 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 731 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ پمز ہسپتال میں3خواتین ڈاکٹرز اور ایک نرس کرونا کا شکار ہو گئے۔ گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر میں ہجویری ٹائون کا ایک اور مشتبہ مریض زندگی کی بازی ہار گیا اس طرح ہجویری ٹائون میں کرونا سے متاثرہ تیسرے شخص کی ہلاکت پر علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا جبکہ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر کے مزید 2 ڈاکٹرز کرونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق ہجویری ٹائون کے گلی نمبر2کے رہائشی 26 سالہ علی حسن ولد عبدالطیف کو کرونا کے شبہ میں 8 مئی کو گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کرونا سنٹر داخل کروایاگیا تھا اسکے سیمپل تجزیہ کے لئے لیبارٹری بھجوائے گئے لیکن رپورٹ موصول نہیں ہوئی تھی کہ آج صبح زندگی کی بازی ہار گیا۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 43 لاکھ 42 ہزار 355 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں دو لاکھ 93 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔ دنیا بھر میں 24 لاکھ 47 ہزار 19 مریض اب بھی ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جن میں سے 46 ہزار 342 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 16 لاکھ 2 ہزار 443 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں اب تک 83 ہزار 425 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 8 ہزار 636 ہو چکی ہے۔ سپین میں اموات 26 ہزار 920 ہو چکی ہیں۔کرونا وائرس سے روس میں کل اموات 2 ہزار 116 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 32 ہزار 243 ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں اموات کی تعداد 32 ہزار 692 ہوگئی۔ اٹلی میں مجموعی اموات 30 ہزار 911‘ فرانس میںہلاکتیں 26 ہزار 991‘ برازیل میںوائرس 12 ہزار 461 زندگیاں نگل چکا ہے‘ جرمنی میں کل اموات کی تعداد 7 ہزار 738 ہو گئی‘ ترکی میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 3 ہزار 894 ہو گئی‘ ایران میں 6 ہزار 733 ہو گئی۔ بھارت میں 24 گھنٹوں میں 3525 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 74480ہوگئی ہے۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں 6 جون سے یونیورسٹیاں دوبارہ کھول دی جائیں گی۔ اس بات کا اعلان بیجنگ میونسپل ایجوکیشن کمیشن نے بدھ کو کیا ہے۔ کمیشن کے مطابق کالجوں اور یونیورسٹیوں کے گریجوایٹ طلبا رضاکارانہ بنیادوں پر اپنے کیمپس میں واپس جا سکتے ہیں جہاں انسداد وائرس کے اقدامات پر بھرپور انداز میں عمل درآمد کیا گیا ہے۔ چین کے محکمہ شہری ہوا بازی نے بیجنگ دارالحکومت عالمی ہوائی اڈے اور بیجنگ ڈاشنگ عالمی ہوائی اڈے پر تمام مال بردار پروازوں کی سرگرمیوں پر عائد پابندی ہٹا دی ہیں۔کراچی میں کرونا وائرس کے پیش نظر حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر پولیس نے زینب مارکیٹ سمیت کئی بڑی مارکیٹیں سیل کردیں۔ کراچی میں پولیس نے خلاف ورزی پر مارکیٹیں سیل کرنا شروع کردی ہیں۔ صدر میں واقع زینب مارکیٹ اور مدینہ سٹی مال میں ضلعی انتظامیہ نے چھاپہ مارا اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں کو سیل کردیا۔ زینب مارکیٹ کے علاوہ وکٹوریہ مارکیٹ، انٹرنیشنل مارکیٹ، گْل پلازہ اور ارحم شاپنگ سینٹر کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرگارڈن اسماء بتول کے مطابق دکانداروں نے سینیٹائزر نہیں رکھے تھے اور نہ ہی ماسک اورگلوز پہنے تھے۔ دوسری جانب مارکیٹیں سیل کرنے پر تاجروں نے احتجاج بھی کیا اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔بیرون ممالک سے آئے 13 پاکستانیوں کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ 13 پاکستانیوں نے آر آئی یو میں داخل ہونے سے انکار کر دیا۔ راولپنڈی کرونا وائرس سے متاثرہ تمام افراد کو ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال پہنچایا۔ تمام مریض ہسپتال پہنچ کر ایمبولینس میں بیٹھے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مریض ایمبولینسوں سے اتر کر ہسپتال جانے سے مسلسل انکار کر رہے ہیں۔ مریضوں کے انکار پر انتظامیہ نے پولیس کو طلب کر لیا۔ کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق ایران میں وائرس کے پیش نظر اور ایران سے آنے والے زائرین کے سلسلے میں 22 فروری کو پاکستان نے ٹرانزٹ ٹریڈ، پاکستان گیٹ، دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ ،راہداری گیٹ کو مکمل طور پر بند کررکھا تھا۔ ایک ہفتہ قبل ٹرانزٹ گیٹ کو کھول دیا گیا تھا۔ بروز بدھ پاکستان نے پاسپورٹ گیٹ، اور دوستانہ گیٹ زیرو پوائنٹ کو کھول دیا گیا۔ برطانیہ میں گزشتہ روز مزید 494 افراد کی COVID-19 سے موت ہوگئی ہے، اور بر طانیہ میں کرونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 33186 ہو گئی۔ کوویڈ 19 کے مجموعی طور پر 87،063 ٹیسٹ 12 مئی کو ہوئے تھے۔ اب تک 229،705 افراد کے برطانیہ میں کرونا وائرس کے لئے نتائج مثبت آئے ہیں۔ سعودی عرب میں جزوی کرفیو میں 22 مئی تک توسیع کر دی گئی۔ ماہ رمضان کے آخری روز سے عید کے تیسرے روز تک چوبیس گھنٹے کا کرفیو جاری رہیگا، باقی دنوں میں شام پانچ بجے سے صبح چھ بجے تک کرفیو بدستور جاری رہے گا، مزید سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں میں بدستور اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ مملکت میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 905 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 مریض کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ مملکت میں اب تک انتقال کر جانے والے مریضوں کی کل تعداد 273 ہوگئی ہے۔
کرونا، پاکستان میں مزید 27جاں بحق، 2468نئے کیس، بیجنگ میں یونیورسٹیاں کھولنے کا اعلان
May 14, 2020