اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کرونا وائرس کے حوالے سے پارلیمان کے اجلاس کے دوسرے دن بھی وزیراعظم نے سیشن میں شرکت نہیں کی۔ سوالات کے جوابات دینا اور خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا دور کی بات عمران خان پارلیمان کو موجودہ بحران پر حکومتی ردعمل سے آگاہ تک نہیں کررہے۔ ہم وزیراعظم سے زیادہ کچھ نہیں بس اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا کہہ رہے ہیں۔ دریں اثنا ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حکومت وفاقی بجٹ کو کرونا بجٹ میں تبدیل کرے۔ ہم نے دو محازوں پر لڑنا ہے، ایک کرونا وائرس سے لڑنا ہے دوسرا ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے محاذ پر لڑنا ہے۔ ریاست کا فوکس صرف عوام کو تحفظ فراہم کرنے پر ہونا چاہئے، حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے حوالے سے معاشی پیکج ڈرامے بازی ہے، حکومت نے بی آئی ایس پی، ٹیکس ریفنڈز اور گندم خریداری کو بھی ریلیف پیکج کا حصہ بنا دیا۔ بی آئی ایس پی میں پہلے ہی پیسے موجود تھے جبکہ گندم خریداری بھی کرنا تھا، تو کہاں گیا حکومت کا ریلیف پیکج۔ ڈیلی ویجز مزدوروں اور سفید پوش نوکری پیشہ افراد کو بھی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا۔ دیگر ممالک اپنے جی ڈی پی کا حصہ کرونا وائرس کیخلاف استعمال کررہے ہیں، ہم کرونا کیخلاف حالت جنگ میں ہیں، ہم نے اپنے فرنٹ لائن سپاہی ڈاکٹرز پیرا میڈیکل کو کوئی پیکج فراہم نہیں کیا۔ آئی ایم ایف ایشیائی ترقیاتی بینک جی 20 نے پاکستان کو مالیاتی اسپیس دی ہے، حکومت کے پاس اب مالیاتی اسپیس موجود ہے، دنیا بھر میں فوڈ سیکیورٹی مسئلہ بنا ہوا ہے، جب برآمدات کم ہورہی ہیں کاروبار ختم ہورہے ہیں ایسے میں ہم عوام کو کیا کھلا سکتے ہیں۔ اس پہ توجہ کی ضرورت ہے‘ ہمیں پورے ملک کی معیشت پر فوکس کرنا ہوگا، ہم اپنی عوام کو ان حالات میں کھلا سکتے ہیں۔ ملک میں ٹڈی دل کیلئے ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، حکومت کو فوڈ اینڈ سیکیورٹی کیلئے مثبت اور پریکٹیکل کام کرنا ہوگا، پوری دنیا کے ٹرینڈ کے مطابق آپکو چھوٹے کاروباری طبقہ دکانداروں کو معاشی ریلیف فراہم کرنا ہوگا ،اگر حکومت توجہ دے تو ہم کرونا کیخلاف بہتر لڑ سکتے ہیں، حکومت نے رئیل اسٹیٹ کا آرڈیننس پاس کر دیا لیکن سندھ حکومت کا آرڈیننس پاس نہیں کیا، ہم سندھ میں غریبوں کو چھت سکول بجلی گیس بلز میں تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نہ صرف سندھ کا آرڈیننس پاس کرے بلکہ اس آرڈیننس کا نفاذ پورے ملک میں کرنا چاہئے۔
معاشی پیکج ڈرامے بازی‘ وفاقی بجٹ کرونا بجٹ میں تبدیل کیا جائے: بلاول
May 14, 2020