لاہور(نامہ نگار) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جنرل مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ہیں،حکمران پھر ملک کو مشرف دور کی طرف لے کرجارہے ہیں۔ کرونا کے حوالے سے آنے والا وقت زیادہ مشکل ہے جس کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے،بد قسمتی سے حکومت کرونا سے لڑنے کی بجائے اپوزیشن سے لڑ رہی ہے۔ ان خیالات اظہار انہوںنے پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ سے ٹیلیفونک رابطے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قمر زمان کائرہ نے آصف زرداری سے کرونا وائرس ، سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔آصف علی زرداری نے کرونا پرفکر مندی اور حکومتی فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جب 2008 میں پیپلز پارٹی کو اقتدار ملا تو ملک دہشت گردی اور نفاق کا شکار تھا، ہم نے قومی اتفاق رائے سے سوات آپریشن کیا اور امن لے کر آئے،ملک میں اناج کا بحران تھا، آٹے پر جھگڑے ہو رہے تھے،ہم نے ملک کو خوراک میں خودکفیل کیا۔ ہم نے قومی اتفاق رائے سے آئین میں ترامیم کیں اور صوبوں کو حقوق دیئے ، بد قسمتی سے حکمران پھر ملک کو مشرف دور کی طرف لے کرجارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بلوچستان ناراض تھا ،آغاز حقوق بلوچستان پیکیج دے کر انہیں ساتھ جوڑا،مشرف آمریت کی وجہ سے وفاق خطرات کی زد میں آچکا تھا۔ہم نے صوبوں کو آئینی اور مالیاتی اختیارات دے کر وفاق کو مضبوط کیا، ہم نے خیبر پی کے کو نام دیا اور گلگت بلتستان کو صوبہ کا درجہ دیا۔حکمران پھر سے صوبوں کے آئینی اور مالیاتی اختیارات کم کرنا چاہتے ہیں،حکمرانوں نے ملک میں موجود تمام اتفاق رائے برباد کر دیا ہے۔
عمران مشرف کے نقش قدم پر چل رہے ‘ صوبوں کے اختیارت کم کرنا چاہتے ہیں: زرداری
May 14, 2020