لاہور(نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے سینئر کارکن اورآفیشل فوٹو گرافرمبارک علی انتقال کرگئے۔ وہ دماغ کی شریان پھٹنے کی وجہ سے جنرل ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبارک علی چاچا کے انتقال سے پارٹی ایک ثابت قدم جیالے اور ہمہ وقت تیار و پرعزم ساتھی سے محروم ہوگئی ہے۔ ان کے انتقال کی خبر نے پوری پارٹی کو افسردہ کر دیا ہے۔ اللہ تعالی مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے۔ اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء کرے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ چاچا مبارک کے انتقال سے پیپلز پارٹی بہترین سپاہی سے محروم ہوگئی۔ پیپلز پارٹی کی جدوجہد میں چاچا مبارک کی خدمات سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ چودھری منظور احمد نے کہا کہ چاچا مبارک پیپلز پارٹی کا چلتا پھرتا استعارہ تھے۔ وہ پیپلز پارٹی فیملی کا لازمی حصہ تھے۔ نوید چودھری، چوہدری اسلم گل، حاجی عزیز الرحمان چن نے کہاکہ پیپلز پارٹی سے چاچا مبارک کے خاندان کی50 سالہ وابستگی تھی مشکل اور مصیبت کی اس گھڑی میں پارٹی مرحوم کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز انہیں نماز کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے آفیشل فوٹوگرافر چاچا مبارک انتقال کر گئے‘ بلاول بھٹو ‘ قمر کائرہ و دیگر کا اظہار تعزیت
May 14, 2020