لاہور(خصوصی نامہ نگار) پنجاب حکومت اور واسا کا لاہور کے باسیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو ترجیحات سے نکالنے کیخلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع۔ تحریک التواء کار مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کروائی ہے جس میں کہا گیا کہ صاف پانی کی فراہمی کا بڑا منصوبہ ڈراپ ہوگیا ہے۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کیلئے 3 ارب 80کروڑ روپے کا بجٹ پاس ہوا، مگربجٹ خرچ ہوا اور نہ ہی لوگوں کو صاف پانی مل سکا۔ ادھر ہسپتالوں اور قرنطینہ میں موجود صفائی کرنیوالے عملہ کے حق میں قرارداد بھی پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔ قرارداد ن لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر اور سعدیہ تیمور نے جمع کروائی ہے جس میں کہاگیا ہے کہ ہسپتالوں اور قرنطینہ میں موجود صفائی، ستھرائی کرنیوالا عملہ کرونا وائرس کیخلاف لڑنے والا ہر اول دستہ ہے۔ صفائی کرنیوالے عملہ کی تاریخ ساز خدمات پر اسے کرونا وائرس کیخلاف جنگ میں ہراول دستہ قرار دیکر اس عملہ کو تمام حفاظتی ضروری ساز وسامان فراہم کیا جائے۔
لاہوریوں کو صاف پانی فراہمی منصوبہ ترجیحات سے نکالنے کیخلاف، قرنطینہ میں موجود صفائی عملہ کے حق میں قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
May 14, 2020