پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی منظوری: چائلڈ لیبر کیخلاف قانون سازی کیلئے پرعزم: عمران

May 14, 2020

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی‘نوائے وقت نیوز) وزیراعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دے دی اور کہا ہے کہ حکومت کے محدود مالی وسائل اور پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضرورت اس امر کی ہے کہ پنشن کے نظام کا جدید خطوط پر انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں اس نظام کو بہتر طور پر چلایا جا سکے وہاں حکومت پر پڑنے والے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔ جمعرات کو وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستان پوسٹ پنشن فنڈ کے قیام کی اصولی منظوری دیدی ہے یہ فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان پوسٹ ملازمین کی پینشن کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان پوسٹ کے بجٹ اخراجات کا تقریباً چونتیس فیصد حصہ پنشن پر مشتمل ہے جس میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملائیشیا کے پنشن ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پوسٹ نے پنشن فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی ہے۔ پاکستان پنشن فنڈ کے قیام کا مقصد حکومت پر پڑنے والے پنشن کے بوجھ میں کمی لانا اور ملازمین کی پنشن کے معاملات کا بہتر انتظام یقینی بنانا ہے۔ وزیر مواصلات مراد سعید نے پاکستان پوسٹ میں اصلاحات اور ادارے کو منافع بخش ادارہ بنانے اور عوام کو مہیا کی جانے والی خدمات میں بہتری کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ وزیر مواصلات نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان پوسٹ کی جانب سے 26بیش قیمت اراضیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جو کہ اب تک کسی بھی استعمال میں نہیں لائی گئیں تھیں۔ ان اراضیوں کی تفصیل جلد کابینہ کے سامنے پیش کر دی جائیں گی۔ دریں اثناء اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری معیشت کو جی ایس پی پلس سے فائدہ ہوگا۔ معاہدے سے تجارت میں اضافہ ہوا۔ چائلڈ لیبر کیخلاف قانون بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا پاکستان 27 ویں عالمی کنونشن کے تحت ذمہ داریاں پوری کرنے کی کوشش کرے گا۔ بلین ٹری سونامی اور دیگر ماحول دوست اقدامات کو یورپی یونین نے سراہا ہے۔ انہوں نے کہا خواجہ سرائوں اور صحافیوں سے متعلق قانونی خلاء پُر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وراثت میں خواتین کے حق پر قانون بنایا ہم اپنے لوگوں کے فائدہ کیلئے انسانی حقوق پر کاربند رہیں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم سے وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ نے ملاقات کی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے دن گروپ آف کمپنیز کے ایس ایم نوید اور فیصل جاوید نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں ایس ایم نوید نے دن گروپ آف کمپنیز کی جانب سے وزیراعظم کو ایک کروڑ روپے کا چیک وزیراعظم کرونا ریلیف فنڈ کے لئے پیش کیا۔ ملاقات میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان سے ممبر قومی اسمبلی رائے مرتضی اقبال، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سید صمصام علی شاہ بخاری، سابق ایم این اے رائے حسن نواز اور ممبر قومی اسمبلی حاجی امتیاز احمد چوہدری، سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدری اعجاز احمد کی اسلام آباد میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں ملک میں کرونا وائرس کی مجموعی صورتحال، پارلیمینٹیرینز کے متعلقہ حلقوں میں عوامی فلاحی اور ترقیاتی امور پر گفتگو ہوئی۔ ممبران نے اپنے متعلقہ حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل اور ترقیاتی منصوبوں پر وزیراعظم کو آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمینٹیرینز کو عوام الناس سے مستقل رابطے میں رہنے اور ان کے مسائل کے فوری حل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا ارکان اپنے اپنے حلقوں میں عوام کو کرونا سے بچائو کی حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دیں۔

مزیدخبریں