کلرسیداں(نامہ نگار)پی ٹی آئی تحصیل کلرسیداں کے سابق صدر راجہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر ہر چیز پر پڑنا چاہیے مگر افسوس کی بات ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی عام عوام کو ریلیف دینے کی خواہش اور کوشش کے باوجود عام آدمی اس سے مستفید نہیں ہو رہا۔انہوں نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں تو کرایے زیادہ کر دیے گئے، اس کا اثر ہر چیز پر پڑا اور ہر چیز کی قیمت زیادہ ہوئی لیکن پیٹرولیم مصنوعات میں کمی ہوئی تو کوئی کمی کرنے کو تیار نہیں۔ٹرانسپورٹرز، کنسٹرکشن ورکرز، تاجر، کریانہ، فروٹ و سبزی، سب کے اپنے اپنے گروپ ہیں جو باہم ملی بھگت سے منمانے ریٹس طے کرتے ہیں۔عام عوام کا کوئی والی وارث نہیں، اصولی طور پر عوام کے حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری منتخب نمائندوں پر عائد ہوتی ہے مگر افسوس کہ منتخب نمائندے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کے بجائے اپنے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کرپشن اور قبضہ مافیا کا ساتھ دیتے ہوئے دولت کے انبار جمع کرنے میں مگن ہوجاتے ہیں، جہاں جہاں انہیں عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے کاروائی کرنی چاہیے وہاں وہاں وہ اپنے فرنٹ مین اور منشی مقرر کرلیتے ہیں جو مختلف طبقوں کے ساتھ مل کر غریب اور بے بس افراد کو لوٹنے میں مگن ہوجاتے ہیں۔ منتخب نمائندوں کے چند چمچے ایک ایک گلی اور نالی کی تعمیر کے لیے فنڈز مختص کئے جانے پر، ٹینڈر ہونے پر، پھر کام کا افتتاح ہونے پر، پھر کام کے دوران اور تکمیل کے بعد نہ صرف تعریفوں کے پل باندھتے ہیں بلکہ انہیں منتخب نمائندوں کو اپنی اصل ذمہ داریوں کو نظرانداز کرنے کے کام میں ان کے معاون و مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ترقیاتی کاموں کے لئے عوام کے پیسے عوام پر ہی سرکاری محکموں کے زیرنگرانی خرچ ہوتے ہیں اور منتخب نمائندوں کا عمل دخل صرف ـ''یہ کر دو اور وہ چھوڑ دو'' تک محدود ہوتا ہے مگر پروپیگنڈا اس انداز میں کیا جاتا ہے جیسے تمام ترقیاتی کام وہ اپنی جیب سے کرا رہے ہیں انہیں یہ سوچ اور طرز عمل ترک کرنا ہوگا۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر ہر چیز پر پڑنا چاہیے، ساجد جاوید
May 14, 2020