اسٹیل ٹاؤن میںالاٹیز کوواجبات کے نوٹسز جاری

May 14, 2020

کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹیل ورکرز یونین نے انتظامیہ کی جانب سے اسٹیل ٹاؤن میںالاٹیز سے واجبات کی وصولی کے بعد مکان خالی کرانے کی نوٹسز جاری کرنے اور پانی ،بجلی و گیس کے کنکشنز منقطع کرنے کی شدید مذمت کی ہے ۔پاکستان اسٹیل ورکزر یونین کے جنرل سیکریٹری نذیر جان کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال میںاسٹیل مل انتظامیہ کی جانب سے ایسے اقدامات انسانیت کے خلاف ہیں ، ایک جانب حکومت ایمپلائرز کو ملازمین کو برطرف کرنے سے روک رہی ہے، شہریوں کے آزادانہ نقل و حمل پر پابندی ہے، پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے اور دوسری جانب اسٹیل ملز کی انتظامیہ بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑاتے ہوئے اپنے ہی ملازمین کیلئے رمضان المبارک میں بجلی ، گیس اور پانی بند کر رہی ہے۔ ورکرز یونین کے رہنما نے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن کرنل ( ر) طارق، انچارج ٹائون شپ جاوید ملک اور انچارج ایڈمنسٹریشن ریاض حسین منگی سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر الاٹیز کا پانی، بجلی اور گیس بحال کیا جائے اور انہیں کورونا وبا کے باعث نافذ لاک ڈائون کے مکمل خاتمے کے بعد مکان خالی کرنے کیلئے پندرہ دن کا وقت دیا جائے، یاد رہے کہ سینکڑوں ملازمین کو مکان خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے گئے تھے مگر بعد ازاں کورونا کے باعث لاک ڈائون شروع ہوگیا جس کی وجہ سے نوٹس میں دیا گیا ایک ماہ کا وقت گذر گیا اور اب لاک ڈائون ختم نہ ہونے کے باوجود انتظامیہ نے مبارک علی راجپوت سابق ڈپٹی چیف انجینئر جو G-23/1,2 میں الاٹی ہیں کی تمام بنیادی یوٹیلٹی بند کردی جس کی وجہ سے سینکڑوں الاٹیز ملازمین میں شدید تشویش پھیل گئی ہے۔

مزیدخبریں