سعودی عرب میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلٰی ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے رمضان کے آخری عشرے کے دوران مسجد الحرام میں صفائی و سینیٹائزنگ کی سکیموں اور حفاظتی اقدامات کا افتتاح کردیا ہے۔العریبیہ نیوز کے مطابق ڈاکٹر السدیس نے بتایا کہ دونوں مقدس مساجد کو پاک صاف رکھنے، معطر کرنے اورسینیٹائز کرنے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے رمضان کے آخری عشرے کی تیاری اور مقدس مساجد کی صفائی کی سکیموں پر عمل درآمد کرنے والوں کی نگرانی کی۔السدیس نے مزید کہا کہ 'تمام حفاظتی اقدامات مقررہ پروگرام کے مطابق انجام دیے جائیں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے زائرین کو معیاری خدمات پیش کی جائیں۔جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان ہانی حیدر نے بتایا کہ پریذیڈنسی نے رمضان کے ابتدائی دو عشروں کے دوران دونوں مقدس مساجد میں حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر کا اہتمام ہنگامی بنیادوں پر کیا، نمازیوں کے درمیان سماجی فاصلے کا اصول نافذ کرایا گیا۔