بھارت میں مہلک کورونا وائرس انتہائی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ملک میں کورونا وائرس کے 3722 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 78003 ہوگئی ہے۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 134 افراد کی ہلاکت کے بعد کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2549 تک پہنچ گئی ہے۔ کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 78 ہزار سے تجاوز کرنے کے بعد بھارت 50 ہزار سے زائد کیسز والے ممالک کی فہرست میں 12 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں میں اب تک 78003 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2549 ہے۔ ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زائد ریاست مہاراشٹر متاثر ہے۔ کورونا وائرس سے مہاراشٹر میں 25922 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سے ریاست میں اب تک 975 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔