پشاور‘ کراچی‘ اسلام آباد‘ پیانگ یانگ‘ بیجنگ (بیورو رپورٹ+ اے پی پی+ این این آئی+ شنہوا) ملک میں اومیکرون کے نئے ویرینٹ کی خیبر پی کے اور کراچی میں تصدیق کے بعد حکومت نے حفاظتی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے کرونا کی نئی قسم کی وباء میں تیزی کے بعد اومی کرون کے نئے قسم کی منتقلی کے باعث 14ہائی رسک ممالک کے بارے میں پالیسی مرتب کرنے پر اقدامات شروع کردیئے ہیں، ہائی رسک ممالک سے آنے والے مسافروں کی نگرانی بھی کی جائیگی، اومی کرونا کرونا کی نئی قسم کے وائرس کے حوالے سے پشاور سمیت ملک بھر میں نئے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ خیبر پی کے میں 16نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد صوبے میں نئے قسم کے کرونا نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ شہر قائد میں بھی اومیکرون کرونا وائرس کے تیسرے ویرینٹ کی قطر سے آنے والے شہری میں تشخیص ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے اومیکرون کے تیسرے ویرینٹ کی تشخیص کر دی ہے، تیسرے ویرینٹ کو بی اے۔ٹو۔ون ٹو کا نام دیا گیا ہے۔ اس سے قبل این آئی ایچ نے بی اے۔ٹو۔ون ٹو۔ون کے دوسرے ویرینٹ کی تشخیص کی تھی۔ آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے محکمہ صحت سندھ کو نئے ویرینٹ سے متعلق آگاہ کر دیا، وبائی صورت حال سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت سندھ نے الرٹس جاری کر دیئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ نے ہدایت جاری کی ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا افراد کی کونٹیکٹ ٹریسنگ سمیت سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں کرونا ٹیسٹنگ کو بڑھایا جائے۔ دوسری طرف جمعہ کو قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری ٹویٹ میں شیئر کیے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 ہزار 165 کرونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں سے 93 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.51 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 115 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر شمالی کوریا نے پہلی مرتبہ عالمی وبا کرونا سے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شمالی کورین حکام کا کہنا ہے کہ کرونا کی کچھ علامات والے 6 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک ہلاک شخص میں اومی کرون سب ویرینٹ کی تصدیق ہوئی۔ شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ 87 ہزار سے زائد افراد کو بخار کی علامات پر آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔اپریل کے آخر سے ملک میں ہلاکت خیز بخار کے پھیلائو کی وجہ کی شناخت نہیں ہو سکی تھی جبکہ 6افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں سے ایک کی موت اومیکرون کے سب ویرینٹ "بے اے ۔2 "سے ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں جمعرات 12مئی کو 18 ہزار افراد کرونا بخار میں مبتلا ہوئے۔ دوسری جانب چین نے کہا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی وبا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے شمالی کوریا کی مدد کے لیے تیار ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ یورپ میں تصدیق شدہ کرونا کیسز سے ہونے والی اموات کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس سے شدید متاثرہ ملکوں میں مصدقہ کیسز کے حوالے سے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے سسٹمز سائنس وانجینئرنگ مرکز نے تازہ ترین اعدادوشمار جاری کئے ہیں جو 13 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 10 بجے تک کے ہیں۔ دنیا بھرمیں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 52 کروڑ1 لاکھ 14 ہزار 674 ہوگئی۔ امریکہ 8 کروڑ 23 لاکھ 25 ہزار687 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔