لاہور (لیڈی رپورٹر) حکومت مخالف لانگ مارچ میں شرکت کیلئے تحریک انصاف پنجاب کی خواتین نے جوش و خروش سے تیاریاں شروع کردیں۔ شعبہ خواتین عام عورتوں اور بچوں کو اسلام آباد لے جانے کیلئے متحرک ہوگیا، رجسٹریشن کی خواہشمند خواتین کیلئے ’’رابطہ‘‘ ایپلی کیشن متعارف کروا دی گئی، رہنماؤں نے عہدیداران کو مختلف طرح کی ڈیوٹیاں سونپ دیں جبکہ خواتین نے متوقع حکومتی ہتھکنڈوں سے نمٹنے سمیت گرفتاریوں سے بچنے کی بھی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے اور مارچ کو روکنے کی کوشش پر شہر کو جام کرنے اور سسٹم کو روکنے کی حکمت عملی پر عملدرآمد کی تیار ی بھی کررہی ہیں۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے بات چیت میں پنجاب کی صدر تاشفین شاہد اور جنرل سیکرٹری سعدیہ سہیل نے بتایا کہ خواتین بہت پرجوش ہیں اور پہلے سے ہی تیار بیٹھی ہیں انکا رسپانس تصور سے بھی زیادہ ہے وہ بچوں کو ساتھ لے جاکر اسلام آباد میں دھرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔