رائیونڈ لاہور ڈویژن کا مہنگے ترین شہرکا اعزازبر قرار

رائیونڈ (نمائندہ نوائے وقت )رائیونڈ لاہور ڈویژن کا مہنگے ترین شہرکا اعزازبر قرار،سرکاری لیز کی دکانوں میں شکمی کرائے داروں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن افسران کی چھاؤ چھتری میں لاکھوں روپے دکانوں کے کرایوں سے اشیاء کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ سادہ لوح افراد گرانفروشوں کے ہاتھوں لٹنے لگے۔ گاہکوں نے قصور،کوٹ رادھا کشن اور دیگر علاقوں کا رخ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ میں حالیہ دکانوں کے کرایوں میں 500فیصد اضافے کا سار ا بوجھ گاہکوں پر پڑنے لگا ہے۔ شہر میں دکانوں کے نصف کروڑ روپے پیشگی اور لاکھوں روپے کرایوں کی دوڑ کا نیا سلسلہ شروع ہونے سے مہنگائی کا طوفان کھڑا ہو چکا ہے۔ حالیہ کئے گئے سروے میں معلوم ہوا ہے کہ رائیونڈ کے تجارتی مراکز میں 2000میں خریدا گیا سوٹ قصور اور کوٹ رادھا کشن سمیت دیگر علاقوں میں ایک ہزار روپے سے بھی کم میں میسر ہوتا ہے اسی طرح دیگر اجناس اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں ملحقہ علاقوں سے انتہائی زیادہ وصول کی جارہی ہیں۔سروے میں مزید انکشاف ہوا ہے کہ مین بازار میں 20/40فٹ کی دکانوں کا کرایہ 50ہزار سے لیکر ایک لاکھ روپے جبکہ اس دکان کا ایڈوانس 30سے 50لاکھ روپے تک وصول کیا جارہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن