سرینگر (این این آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد حد بندی مشق کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے علاقے میں راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے ہندوتوا ایجنڈے کو مسلط کرنے کے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ قرار دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حد بندی کی مشق کا مقصد مسلم اکثریت کی انتخابی طاقت کو مصنوعی طور پر تبدیل کرنا، مسلمانوں کو مزید پسماندہ، حق رائے دہی سے محروم اور بے اختیار کرنا اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سیاسی اور انتخابی مقاصد کو آگے بڑھانا ہے۔ بھارت کا یہ اقدام غیر قانونی ہے۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ کے علاقے برار آرہ گام میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوان شہید کردیے۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں آپریشن جاری تھا۔ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے نئی دہلی میں اپنی عدالت میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جماعت اسلامی کے چار ارکان کے خلاف ایک جعلی فرد جرم دائر کردی ہے۔ بھارتی حکام نے کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر سمیت مزید تین کشمیری سرکاری ملازمین کو حق خود ارادیت کی تحریک کی حمایت کے الزام میں ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں شبیر احمد ڈار اور یاسمین راجہ نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک کے اہل خانہ سے آج سرینگر میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں یاسین ملک اور دیگر حریت رہنمائوںکے عزم و ہمت کی تعریف کی جنہیں جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی مخالفت کی پاداش میں غیر قانونی نظربندی کا سامنا ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ انتظامیہ نے انہیں آج بڈگام میں ایک پنڈت خاندان جس کا ایک فرد گزشتہ روز ایک حملے میں مارا گیا تھا کے گھر جانے سے روکنے کیلئے سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ کشمیر میں اس وقت حالات انتہائی خراب ہیں۔ او آئی سی تنظیم کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن نے جدہ میں ایک بیان میں بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی کے لیے حال ہی میں ختم ہونے والی غیر قانونی مشق کی شدید مذمت کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ سرینگر، اسلام آباد، جموں اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیرتسلط کشمیر کے دیگر کئی علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارے اور تلاشی لی۔ چھاپوں کے دوران اہم دستاویزات، موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر سامان ضبط کرلیا گیا۔ دوسری جانب پولیس کانسٹیبل ریاض احمد جمعہ کو صبح سویرے ضلع پلوامہ کے علاقے گدارو میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں شدید زخمی ہو گیا۔ اسے سرینگر کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔