لاہور (اے پی پی، نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے منحرف25 ارکان پنجاب اسمبلی کی نااہلی کی دائر درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔ جسٹس شجاعت علی خان کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت ملتوی کی گئی۔ عدالت کے روبرو پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر سبطین خان و دیگر ارکان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ راجہ صغیر، علیم خان، نعمان لنگڑیال، عظمی کاردار سمیت پچیس اراکین اسمبلی نے پارٹی پالیسی کے مطابق چوہدری پرویز الہی کی حمایت نہیں کی۔ الیکشن کمیشن کو منحرف ارکان اسمبلی کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ دریں اثناء منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تحریک انصاف کو دستخط شدہ جواب الجواب اور بیان حلفی جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن میں پنجاب اسمبلی کے منحرف 25 ارکان کے خلاف ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ کیا بیان حلفی، جواب الجواب کی دستخط شدہ کاپی جمع کروا دی ہے؟۔ جس پر معاون وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ کچھ دیر تک عمران خان کا بیان حلفی جمع ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت پیر 16 مئی ساڑھے 11 بجے تک ملتوی کردی۔