دبئی+ اسلام آباد+ راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹنگ ٹیم) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان انتقال کرگئے۔ متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صدر کے انتقال پر ملک میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر 40 روز کے سوگ کے ساتھ 3 روز کی عام تعطیل بھی ہوگی جب کہ اس دوران قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ صدارتی اعلان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی سرکاری اور نجی شعبے میں تین دن تک تعطیل رہے گی۔ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے حکمران تھے اور انہوں نے اپنے والد شیخ زاید بن سلطان النہیان کی وفات کے بعد یو اے ای کی قیادت سنبھالی تھی۔ انتقال پر صدر مملکت عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر نے اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان نے آج اپنا ایک بہترین دوست کھو دیا۔ یو اے ای نے قابل رہنما اور پاکستان نے عظیم دوست کھو دیا۔ یو اے ای حکومت اور عوام کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زداری اور سابق صدر آصف زرداری نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا یو اے ای کی ترقی میں مثالی کردار ناقابل فراموش ہے۔ شیخ خلیفہ بن زید کے انتقال سے خطہ عرب غیر معمولی حکمران سے محروم ہو گیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف سمیت پاک فوج کے تمام رینکس نے یو اے ای صدر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان قریبی دوست سے محروم ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور مرحوم کے اہل خانہ کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ترقی میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا کردار ناقابل فراموش ہے، شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص اور بااعتماد دوست سے محروم ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے اپنے ملک کے عوام کے لئے باوقار زندگی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ یو اے ای کی ترقی و خوشحالی کیلئے شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ مسلم امہ کے اتحاد و یکجہتی کیلئے بھی ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی ترقی میں شیخ خلیفہ بن زید النہیان کا کردار بے مثال ہے، پاکستان آج ایک باقابل بھروسہ دوست اور بھائی سے محروم ہو گیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی جدید ترقی میں ان کا بڑا اہم کردار تھا۔ تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے الشیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بخشش اور مغفرت کے لئے دعا کی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے یو اے ای صدر کی وفات پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شیخ خلیفہ متحدہ عرب امارات کے بانیوں میں سے ہیں۔ حکمران خاندان نے پاکستان کی ترقی میں بھی کردار ادا کیا۔
صدر امارات شیخ خلیفہ بن زائد النہیان انتقال کر گئے
May 14, 2022