لاہور(نامہ نگار)لاہور اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف وہیکل نے گاڑیاں چوری کرنیوالے سابقہ ریکارڈ یافتہ پیشہ ور گینگز کے 33ملزمان کوگرفتار کر کے2 کروڑ76لاکھ روپے مالیت کی17گاڑیاں اور155موٹر سائیکلیں برآمدکر لی ہیں۔ ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف آفتاب احمد پھلر وان نے تھانہ گلبرگ میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف کی 2ڈویژنز نے گزشتہ 2ہفتوں کے دوران وہیکل چوری کرنے والے سابقہ ریکارڈ یافتہ پیشہ ور گینگز کے 33ملزمان کوگرفتار کر کے تقریباً 2 کروڑ76لاکھ روپے مالیت کی17گاڑیاں اور 155موٹر سائیکلیں برآمدکی ہیں۔ گرفتار ملزمان میں رقم ہتھیانے کیلئے اپنے ماں باپ کے دوہرے قتل میں ملوث ملزم سرفراز بابا اور ساہیوال کچہری سے ہتھکڑی سمیت فرار ہونیوالے ملزم خالد کو موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیاہے۔ ملزمان کا شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑیاں چھیننے اور چوری کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان گھروں اور پارکنگ سٹینڈز سے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کر فرار ہو جاتے تھے۔ ملزمان چوری شدہ گاڑیوں کو کے پی کے لے جا کر اْونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ گرفتارملزمان عرصہ دراز سے لاہور کے مختلف علاقوں میں وہیکل چوری کی وارداتیں کررہے تھے۔ پیشہ ور ملزمان کی گرفتاری سے وہیکل چوری کے گراف میں واضح کمی آئیگی۔