شہری بھی پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں، چیئر مین سی ڈی اے


اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی ترقیاتی ادارے(کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) نے شہر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے مختلف سیکٹرز میں پائپ لائنوں کی تبدیلی  کیلئے 22 کروڑ ر وپے کا بجٹ مختص کردیا ہے  اسلام آباد شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس ضمن میں کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ واٹر سپلائی نے اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون کی گرین بیلٹس پر پانی کی ترسیل کرنے والی لائنز کو 15 انچ ڈایا کو 16 انچ ڈایا سے  تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جسکے لئے تقریبا 43 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ اسی طرح سیکٹر ایف ایٹ کی گرین بیلٹس سے پانی کی ترسیل کرنے والی لائنز کو بھی 15 انچ ڈایا کو 16 انچ ڈایا سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے لئے شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے 38 ملین روپے کے بجٹ رکھا گیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد کے سیکٹر ایچ اور آئی سیریز میں مختلف ٹیوب ویلز کے برقی آلات کی تبدیلی کے لئے بھی شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے 9 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔مزید برآں ٹینتھ ایونیو تا آئی جے پی روڈ، سری نگر ہائے وے کے ترقیاتی کاموں میں آنے والی واٹر سپلائی کی پائپ لائنوں کی منتقلی کے لئے بھی شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے 36 ملین روپے کا بجٹ رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد کے مختلف مقامات پر پانی کی تنصیبات میں نصب موٹرز کی اپ گریڈیشن کے لئے تقریبا پچاس ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ جبکہ ہونا فقیراں کے علاقے میں 16 انچ ایچ ڈی پی سی لائن کو 21 ڈایا کے ساتھ بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جسکے لئے 21 ملین روپے سے زائد کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں شکر پڑیاں کے مقام پر پانی کی تنصیبات کو 18 انچ ڈایا پائپ لائنز کو بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لئے چوبیس ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے جبکہ کورنگ واٹر ورکس پر پانی کی تنصیبات میں مختلف سائز کی پائپ لائنوں کے ڈایاز کو تبدیل کرنے کے لئے بھی دو ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔اس طرح مجموعی طور پر شعبہ واٹر سپلائی کی جانب سے 22 کڑور روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے اور جلد ہی ٹینڈرز کو اخبارات میں شائع کردیا جائے گا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے شعبہ واٹر سپلائی کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور پانی کے ضیاع سے اجتناب کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ پانی شہریوں کے استعمال میں لایا جاسکے۔

ای پیپر دی نیشن