کراچی (سٹی نیوز) پاکستان امن کونسل کے سربراہ طارق محمود مدنی نے کہا ہے کہ ملکی سیاسی و معاشی صورت حال آگے مزید خراب ہونے جارہی ہے، خوفناک نتائج آسکتے ہیں ملک و قوم کو مفادات کی سیاست نے تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ سے فون پر امن کونسل صوبہ سندھ کے صدر مولانا عبدالماجد فاروقی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی طارق مدنی نے کہا کہ عوام کمر توڑ مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی،
کرپشن سمیت بجلی اور پانی کے بحران سے پریشان ہیں اور حکمرانوں کو دہائیاں دے رہے ہیں لیکن یوں لگتا ہے کہ حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ہے جس کی وجہ سے عوام کے مسائل نہ صرف جوں کے توں ہیں بلکہ ان میں اضافہ ہوتا جارہا ہے انہوں نے شہر کراچی کے علاقے صدر میں بم دھماکے کو حکمرانوں کی امن و امان کے قیام میں ناکامی قرار دیا اور حکمرانوں سے شہر کراچی میں پائیدار امن کے لئے ٹھوس و جامع اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ دریں اثنائ مولانا عبدالماجد فاروقی نے کہا کہ طارق مدنی کل کراچی واپس پہنچ جائیں گے اور ان کے آنے کے بعد شہر کراچی کے پائیدار امن کے لئے 16,17 مئی کو اہم شخصیات سے ملاقاتیں کی جائیں گی جبکہ ملک کی سیاسی و معاشی صورت حال پر سیمینار کا بھی انعقاد کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ طارق مدنی گزشتہ ایک ہفتہ سے کوئٹہ میں تنظیمی دورے پر گئے ہوئے ہیں۔