کراچی نیبر ہوڈ امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت شہر کوترقی دینے کے لئے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں‘ایڈمنسٹریٹر کراچی


کراچی (نیوز رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹرمرتضی وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت بلاتفریق لوگوں کی خدمت کرنے پر یقین رکھتی ہے، ریاست کی یہ ذمہ داری ہے کہ لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، کراچی نیبر ہوڈ امپرومنٹ پروجیکٹ کے تحت کراچی کوترقی دینے کے لئے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں،فشر مین چورنگی سے یو ایم ڈی سی تک 2.1 کلومیٹر دو رویہ سڑک تعمیر کی جارہی ہے،انٹرسیکشن 9000 روڈ سے پہاڑی گراو نڈ کورنگی تک دو رویہ سڑک بھی تعمیر کی جائے گی،پہاڑی گراو نڈ میں فیملی پارک اور کرکٹ گراو نڈ تعمیر کیا جائے گا،سڑکو ں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ، اسٹریٹ لائٹس، شجر کاری اور ڈسٹ بنز بھی لگائے جائیں گے، 30 نومبر تک تمام کاموں کو مکمل کرکے علاقے کے لوگوں کو ریلیف دینا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کورنگی میں فشر مین چورنگی سے یو ایم ڈی سی چوک 16000 روڈ کی تعمیر اور دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی سید افضل زیدی، کراچی نیبر ہڈ امپروومنٹ پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نذیر میمن، پیپلز پارٹی کورنگی ڈویڑن کے صدر جاوید شیخ، جانی میمن، معظم قریشی اور پیپلزپارٹی کے دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ایک سال قبل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس چورنگی کے افتتاح کے لئے آئے تھے اور انہوں نے وزیراعلی سے کہا تھا کہ اس چورنگی سے متصل روڈ کو بھی ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے اسی وقت ہدایت ملی کہ 16000 روڈ تعمیر کیا جائے لہذا اب اس پر کام شروع کردیا ہے یہ پروجیکٹ سیاسی نمائندوں کی طرف سے لوگوں کے لئے تحفہ ہے جو اگلے چھ ماہ میں دیا جارہا ہے، عوام سے کئے گئے ایک اور وعدہ کی تکمیل کے لئے یہاں پارک اور سڑکیں بھی تعمیر کی جارہی ہیں، ملیر کا دوسرا حصہ جو لانڈھی کی طرف ہے وہاں بھی ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، سندھ حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کی درخواست پر متصل سڑکیں تعمیر کر رہی ہے، اس کے علاوہ مہران ہائی وے پر بھی کام شروع ہوگیا ہے جس پر سوا ارب روپے لاگت آئے گی، انہوں نے کہا کہ علاقے میں ترقی کا یہ سفر بلاول بھٹو زرداری نے شروع کیا ہے، اس علاقے کا ایک بڑا مسئلہ کچرا بھی تھا جسے حل کرنے کے لئے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کام کررہا ہے، گھر گھر سے کچرا جمع کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ صفائی ستھرائی کے لئے میکنیکل سوئپنگ کا انتظام کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ پانی کی چوری اور رساو  کو روکنے کے لئے ٹاسک فورس بنا دی گئی ہے جس کے ذریعے غیرقانونی ہائیڈرینٹس ختم کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں، فشر مین چورنگی پاکستان پیپلزپارٹی نے بنائی ہے، حکومت نظر انداز کئے گئے علاقوں کی ترقی کے لئے بھر پور کوشش کررہی ہے،انہوں نے کہا کہ اورنج لائن بس سروس کے لئے 49 بسیں کراچی پہنچ گئی ہیں جبکہ ریڈ لائن کے تعمیراتی کاموں کے لئے ٹینڈرنگ بھی ہوچکی ہے،انہوں نے کہا کہ ایمبولینس سروس 1122 کے لئے 280 نئی ایمبولینس گاڑیاں بھی آئندہ چند ہفتے میں کام شروع کردیں گی جن کے ساتھ فائر بریگیڈ کو بھی منسلک کیا جائے گا تاکہ کسی حادثے کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہوسکے، کراچی شہر سے اس سروس کا آغاز ہوگا اور یہ بھی بلاول بھٹو زرداری کے وعدے کی تکمیل ہے، انہوں نے کہا کہ کورنگی میں متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں،سڑکوں کی تعمیر میں پارکنگ کی جگہ بھی فراہم کی جارہی ہے،پارکوں کو ماڈرن ڈیزائن کے تحت تعمیر کیا جارہا ہے جس میں تمام ضروریات کا خیال رکھا جارہا ہے،گزشتہ ہفتے ابراہیم حیدری میں 4 ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں،کراچی میں ترقی کا سفر جاری ہے،ماضی میں کراچی کے بہت سے علاقوں کو ترقیاتی منصوبوں سے محروم رکھا گیا،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی کی یکساں ترقی کے خواہش مند ہیں،انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کام صرف تنقید کرنا ہے، سندھ حکومت شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کر رہی ہے جس کی مثال پیپلز اسکوائر اور منوڑہ بیچ کی تعمیر ہے جہاں یومیہ ہزاروں افراد تفریح کے لئے جاتے ہیں، تقریب سے پی ڈی KNIP نذیر میمن اور صدر پیپلزپارٹی کورنگی جاوید شیخ نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن