ملتان‘ رحیم یارخان‘وہاڑی‘ چوک سرور شہید‘ منڈی صادق گنج‘ ہارون آبا د‘ میرہزارخان‘ بیٹ ظاہر پیر‘ قطب پور (خصوصی رپورٹر‘ کرائم رپورٹر، نمائندوں سے) جنوبی پنجاب میں گرمی کا زور نہیں ٹوٹ سکا‘ قیامت خیز گرمی سے ٹرینوں کی پٹریاں ٹیڑھی ہو گئیں۔ والدین اور اساتذہ تنظیموں نے سکولوں میں فوری چھٹیوں کا مطالبہ کر دیا۔درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گیسٹرو کے مرض میں اضافہ ہو گیا۔ چوک سرورشہید سے نامہ نگار کے مطابق بھکر کے قریب گرمی کی شدت سے ریلوے ٹریک ٹیڑھا ہو گیا۔ راولپنڈی سے ملتان آنیوالی 129اپ تھل ایکسپریس حسب معمول روانہ ھوئی۔اور بھکر کے قریب ٹرین جب پنجگرائیں اور شاہ عالم اسٹیشن کے درمیان پہنچی۔تو ڈرائیور نے دیکھا کہ شدید گرمی کے باعث ریلوے ٹریک مُڑی ہوئی ہے۔جس پر ڈرائیور نے ایمرجنسی بریک لگا کر گاڑی روک لی۔یوں ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوے ٹرین کو بڑے حادثے سے بچا لیا۔ڈویژنل سپرینٹنڈنٹ ملتان واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر عابد رزاق کی سربراہی میں ریسکیو ٹیم کو متاثرہ مقام پر بھیجا۔تین گھنٹے کی کوشش کے بعد ٹرین آپریشن بحال کر دیا گیا۔تھل ایکسپریس 3گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔تاہم کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔منڈی صادق گنج میں شدید گرمی کے باوجود سکولوں میں چھٹیاں نہ ہونے پر والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں ، والدین کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت اور سختی کے باعث محکمہ تعلیم کو15 مئی سے گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کر دینا چاہیے۔ہارون آبا د میں شدید گرمی کے باعث شہر کی سڑکیں سنسان اور بازاروں کی رونقیں ماند پڑ گئیں ، شدید گرمی کے باعث دیہی علاقہ جات میں بجلی کی بار بار ٹرپنگ سے عوام کا جینا بھی دو بھر کر رکھا ہوا ہے ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا ہے ۔ پنجاب ٹیچرز یونین ضلع مظفرگڑھ کے صدر ملک امام دین ، ضلعی جنرل سیکرٹری جمشید اختر خان بابر ، چاروں تحصیل صدور عبدالغفار خان کاکڑ ، محمد سلیم خان گوپانگ ، غلام مصطفی خان غزلانی ، دولت خان ، ضلعی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ارشاد احمد بھٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر تعلیمی اوقات کار 31 مئی تک صبح ساڑھے 7بجے سے صبح ساڑھے دس بجے کیے جائیں۔ہم واضح کرتے ہیں کہ اوقات کار میں تبدیلی نہیں کی جاتی اور خدانخواستہ درجہ حرارت میں اضافے اور گرمی کے پیش نظر بچوں کی جان اور صحت کو خطرات درپیش ہوتے ہیں۔تو اسکی ذمہ داری سکول سربراہان اور اساتذہ کرام پر کسی صورت عائد نہیں ہوگی۔محمد ابراہیم راشدی، خالدخان گورمانی، میاں ظفراقبال قریشی، خالد خان پچار، سہیل قادر ، عبدالحمید گبول ، سردار مشتاق خان جتوئی، جام محمد اکرم ، ملک ساجد نسیم گدارہ ، غلام فرید خان گوپانگ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وہاڑی میں شہریوں ناصر،علی،رفیق، چوہدری شجاعت، حامد ودیگر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز سے سخت گرمی کی لہر جاری ہے جس کی وجہ سے بچوں میں ڈہریا کی بیماری عام ہے چونکہ محکمہ موسمیات نے پشین گوئی کی ہے کہ آئندہ ہفتہ بھی گرمی کی شدت میں اضافہ رہے گا تو حکومت کو چاہیے کہ چھوٹے بچوں کو چھٹیاں کر دے تاکہ ان شدید موسم سے بچایا جاسکے۔قطب پور میں شدید گرمی کی لہر کے باوجود طویل لوڈشیڈنگ نے بھی شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ شہریوں جن میں میاں خبیب ارائیں میاں جاوید ،میاں فخر اقبال، چودھدری شہزاد جٹ ،رفیق ڈوگرودیگر نیچیف میپکو سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر وولٹیج کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔ ادھر محکمہ تعلیم سکولز کا کہنا ہے کہ سکولوں میں موجودہ تعلیمی سیشن 31 مئی تک جاری رہے گا،چھٹیاں یکم جون سے ہی ہونگی، قبل از وقت چھٹیوں کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کیمطابق قبل از وقت چھٹیوں کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ سکولوں میں موجودہ تعلیمی سیشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔گرمی کی چھٹیوں کے حوالے سے پرپوزل آئندہ ہفتے سیکرٹری سکولز ایجوکیشن کو بھجوائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گرمی کی چھٹیوں کا نوٹی فکیشن آئندہ ہفتہ جاری ہونے کا امکان ہے۔