ملتان(سپیشل رپورٹر)محکمہ انہار کے وارہ بندی شیڈول کے باعث نہری پانی کی بندش سے دو ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر کاشتہ فصلیں اور باغات تباہ،متاثرہ کاشتکاروں کا پل مظفر آباد پر احتجاج۔ احتجاج کرنے والے مظاہرین جن میں سید حیدر شاہ ،سید مدثر علی شاہ ،سید جواد مرتضیٰ ،ملک رفیق نمبر دار ،حاجی معشوق کلہوڑا ،ملک فضل حسین ،غلام یٰسین ،ملک شبیر حسین ،ملک اللہ دتہ ،ملک ظہور احمد، عبدالحمید، زمان شاہ ، بشیر احمد، مرتضیٰ حسین ،ملک خورشید احمد و دیگر شامل تھے کا کہنا تھا کہ محکمہ انہار نے نہری پانی کی قلت کا جواز بنا کر نہروں کا وارہ بندی شیڈول جاری کردیا ہے جس کے باعث انبالہ مائنر کو بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انبالہ مائنر کی بندش سے مذکورہ مواضعات کی دوہزار ایکڑ سے زائدرقبہ پر کاشتہ فصلیںجن میں دھان ،کپاس ،چارہ جات اور خصوصاًباغات کا بڑا حصہ شامل ہے بری طرح متاثرہورہے ہیں اور ہماری تیار فصلیں پانی نہ ملنے کے باعث سوکھ کرمرچھانا شروع ہوگئی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ آم کے باغات کاقیمتی پھل کیرے کا شکارہوکر ضائع ہورہا ہے۔متاثرین نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نہری پانی فراہم کیا جائے بصورت دیگر چیف انجینئر آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔
نہری پانی کی بندش کیخلاف پل مظفر آباد میں کاشتکاروں کا احتجاج
May 14, 2022