اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملعون گیرٹ ولڈر کے توہین آمیز ٹویٹس کے خلاف حکومت کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔ہائی کورٹ نے کہا کہ وزارت آئی ٹی مناسب کارروائی کے لیے وفاقی کابینہ کے سامنے معاملہ رکھ سکتی ہے، سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کی تشہیر کے خلاف حکومت عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرے۔عدالت نے کہا ملعون گیرٹ ویلڈر لگاتار توہین آمیز ٹویٹس کر رہا ہے، مسلمانوں کے جذبات کے تحفظ اور مناسب ایکشن کے لیے وفاقی حکومت کو ہدایات جاری کرنا ضروری ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملعون گیرٹ ویلڈر کے توہین آمیز ٹویٹس کے خلاف درخواست پر فیصلہ جاری کیا ہے۔ فیصلہ جسٹس محسن اختر کیانی نے تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ کی درخواست پرجاری کیا جو کہ چار صفحات پر مشتمل ہے۔ فیصلے میں عدالت نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کے تحفظ کے لیے پی ٹی اے اور وزارت آئی ٹی کو اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے کہا کہ پی ٹی اے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اس حوالے سے مناسب اقدامات اٹھانے چاہییں جب کہ سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد کے خلاف وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کو یہ عدالت پہلے بھی ہدایات دے چکی، پی ٹی اے کی بطور ریگولیٹر از خود بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے حساس معاملات کو دیکھے۔