ملک کے مختلف حصوں میں زیادہ درجہ حرارت کی حالیہ لہر کے تناظر میں قومی ادارہ صحت نے ہیٹ/ سن سٹروک سے متعلق ہدایت (Advisory) جاری کر دی ہے ۔ یہ ایڈوائزری ہیٹ/ سن سٹروک کی روک تھام کےحوالے سےبروقت اور مناسب اقدامات کے لئے صحت کے متعلقہ اداروں کو جاری کی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق ہیٹ اسٹروک ایک ایسی طبی حالت ہے جس کابروقت مناسب علاج نہ کیا جائے تو یہ جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ اسکی علامات میں گرم اور خشک جلد، کمزوری یا سستی، بخار، سردرد، اور دل کی دھڑکن کا تیز ہونا شامل ہے۔ ہیٹ سٹروک کابروقت مناسب طریقے سے علاج نہ کیا جائےتو یہ موت کا سبب بن سکتا ہے یا اعضا کو نقصان پہنچا سکتا ہے یا معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ شیر خوار، 65 سال سے زائد عمر کے افراد ، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مریض، ایتھلیٹس اور آٹ ڈور کام کرنیوالے ورکرز کو ہیٹ اسٹروک کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔ایڈوائزری میںگرم موسم میں زیادہ پانی پینے،گرم مرطوب موسم میں یا زیادہ درجہ حرارت والی جگہوں پر براہ راست سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کرنے،گرم موسم میں سر کو ٹوپی سے ڈھانپیں اور ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہننے، براہ راست سورج کی روشنی میں کام کرنے والے افراد کو وافر مقدار میں پانی/ مشروب کا استعمال کرنے کا کہا گیا ہے۔