اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) 15مئی کو پی ڈی ایم کے متوقع دھرنے پر رجسڑار سپریم کورٹ نے انتظامیہ کو انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے احتجاج او دھرنے کی کال کے اعلان کے بعد رجسڑار سپریم کورٹ نے اسلام آباد انتظامیہ کا اہم اجلاس طلب کیا جس میں ڈپٹی کمشنر اور اے آئی جی سپیشل برانچ، ڈی آئی جی سپیشل برانچ اور ایس ایس پی آپریشنز کو طلب کیا گیا تاہم اجلاس میں ڈی سی اسلام آباد تو پیش ہوئے لیکن پولیس کی جانب سے کوئی بھی آفیسر پیش نہ ہوا جس پر رجسڑار سپریم کورٹ نے تشویش اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان سے رابطہ کیا۔ قبل ازیں اسلام آباد پولیس کے افسران امن عامہ کے حوالے سے ایک اجلاس میں مصروف تھے۔ اسلام آباد پولیس قانون اور ضرورت کے مطابق تمام کارروائی کرے گی۔ افواہوں اور پروپیگنڈہ سے ہوشیار رہیں۔
دھرنا‘ سپریم کورٹ رجسٹرار کے اجلاس میں پولیس کی عدم شرکت
May 14, 2023