اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مستقبل میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ امن کو خراب کرنے والی قوتوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ پشاور پہنچنے پر کورکمانڈر پشاور نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو حالیہ سکیورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہمیں امن اور استحکام کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کو خراب کرنے والی قوتوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ 9 مئی یوم سیاہ کی کارروائیوں کے تمام منصوبہ سازوں، مشتعل افراد، اس پر اکسانے اور عمل کر نے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج اپنی تنصیبات کو جلانے کی مزید کسی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے غلط فہمیاں پھیلانے کی کوششوں بارے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر کی جانب سے مسلح افواج کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا جائے گا۔
9 مئی : اکسانے والوں اور مشتعل افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائینگے : آرمی چیف
May 14, 2023