بنگلورو (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست کرناٹک کے انتخابات میں کانگرس نے مودی کی انتہا پسند حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو عبرتناک شکست دے دی۔ بھارتی الیکشن کمشن کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک کی گئی ووٹوں کی گنتی کے مطابق کانگریس پارٹی کرناٹک میں 136 نشستیں جیت چکی ہے- دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی کی انتہا پسند جماعت بی جے پی کو 65 سیٹیں ملیں جبکہ جے ڈی ایس پارٹی 22 نشستیں جیت چکی ہے۔ کرناٹک کی ریاستی اسمبلی 224 ارکان پر مشتمل ہے اور وزیراعلیٰ کے لیے کسی بھی جماعت کا 113 نشستیں جیتنا ضروری ہے۔130 نشستیں جیتنے کے بعد اب کرناٹک کا وزیراعلیٰ کانگریس کا ہوگا اور کانگریس بغیر کسی اتحادی جماعت کے ریاستی حکومت بنائے گی۔ کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے کرناٹک میں انتخابی فتح کے بعد بیان میں کہا کہ نفرت کا بازار بند ہوگیا اور محبت کی دکان کھل گئی ہے۔ یہ کرناٹک کے عوام کی فتح ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے شکست تسلیم کر لی۔ بی جے پی کی شکست کے بعد وزیر اعلی بسوراج بومئی نے راج بھون میں گورنر سے ملاقات کی اور اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔ بومئی کے استعفی کو گورنر نے منظور کرلیا ہے۔ کرناٹک کے عوام کا جو فیصلہ ہے، وہ ہم قبول کریں گے اور اس پر ہم غور و خوض کریں گے۔ادھر وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کرناٹک انتخابات کے نتائج کے بعد ٹویٹ کرکے کہا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں جیت کیلئے کانگریس پارٹی کو مبارکباد دیتا ہوں ، لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے میری نیک خواہشات، میں ان سبھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کرناٹک انتخابات میں ہماری حمایت کی ہے، کانگرس کے ریاستی صدر ملکا راجن کھڑگے نے کہا ہے ہم نے 35 سال بعد ریاستی الیکشن جیتے ہیں۔
کرناٹک الیکشن : مودی کو عبرتناک شکست ، کانگرس جیت گئی
May 14, 2023