لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؓ اور تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامعہ صدیقیہ جلالیہ انوار القرآن کے نئے تعلیمی سال کے سلسلہ میں ”تقریب بسم اللہ“ کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع کی صدارت میاں محمد الیاس جلالی نے کی جبکہ جامعہ صدیقیہ جلالیہ انوار القرآن کے صدر مدرس مفتی محمد ادریس جلالی نے انتظامات کی نگرانی کی۔ تحریک لبیک یارسول اللہکے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے ”بسم اللہ شریف“ پڑھائی اور خطاب میں کہا قوم کے فکری اور روحانی ارتقاءمیں مدارس دینیہ کا بنیادی کردار ہے۔ اپنی مدد آپ کے تحت چلنے والے ان مدارس نے ہر دور میں رجالِ دین تیار کیے ہیں۔ علمی، روحانی اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کیلئے مدارس نے معاشرے کو علماءفراہم کیے۔ انسان کی زندگی کا مقصد اللہ تعالیٰ کو راضی کرنا اور اسے راضی رکھنا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور ناراضگی کے کاموں پر قرآن و سنت سے ہی اطلاع پائی جا سکتی ہے۔ حلال و حرام کا امتیاز تہذیب اسلامی کا طرہءامتیاز ہے۔ مدارس دینیہ کے فیضان سے یہ رہنمائی بھی حاصل ہو سکتی ہے۔ تقریب بسم اللہ میں علامہ محمد ادریس جلالی، علامہ محمد ساجد اقبال جلالی، محمد منیر قادری، حاجی محمد بوٹا صدیقی، علامہ محمد عمیر جلالی، علامہ محمد ذوالفقار علی جلالی، محمد منیر بھٹی و دیگر نے شرکت کی۔
جامعہ صدیقیہ جلالیہ انوار القرآن :”تقریب بسم اللہ“ کا انعقاد
May 14, 2023