لاہور(خبرنگار) نگران وزیر بلدیات ابراہیم مرادنے صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں کے چیف افسروں کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ مون سون میں نقصانات سے بچنے کیلئے بلاتاخیر تیاریاں شروع کر دی جائیں۔ سیلاب سے نپٹنے کیلئے کنٹی جینسی پلان ترتیب دیا جائے۔ بارشی پانی کے بلا رکاوٹ بہاو¿ کیلئے فوری طور پر ڈرینز اور نالوں کی صفائی شروع کروادی جائے اور ان سے گار نکلوائی جائے۔ نشیبی علاقوں سے بارشی پانی نکالنے کیلئے ڈی واٹرنگ سیٹوں کو چالو حالت میں رکھا جائے اور خراب ڈی واٹرنگ سیٹوں کی فوری طور پر مرمت کروائی جائے۔ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے درکار تمام دوسری مشینری اور دیگر آلات کی بھی فوری مرمت کروائی جائے۔ بلدیاتی اداروں میں جہاں ضرورت ہو فلڈ ایمرجنسی سیل قائم کئے جائیں۔ مون سون کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرکے محکمہ بلدیات کو رپورٹ ارسال کی جائے۔
کسی ناگہانی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال اور املاک کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری وسائل کا استعمال یقینی بنایا جائے۔