اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیور(نیب) نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے خلاف متعدد الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔ نیب کے مطابق مراد سعید پر غیرقانونی بھرتیوں اور مبینہ کرپشن کے الزامات ہیں جبکہ پی ٹی آئی رہنما نے مبینہ طور پر فرنٹ مین حمید اور فضل مولا کے ذریعے ان پیسوں سے پراپرٹی خریدی۔مراد سعید کے خلاف مبینہ کرپشن، رشوت اور غیر قانونی تقرریوں سمیت دیگر شکایات کی تحقیقات کے لیے خطوط ارسال کر دیے گئے۔دستاویز کے مطابق نیب نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری آبپاشی اور سیکرٹری لائیو اسٹاک کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 24 مئی تک ریکارڈ طلب کر لیا۔ نیب کی جانب سے سیکرٹری آبپاشی کو ارسال کردہ نوٹس کے مطابق ادارے کو باغ ڈھیری سوات میں محکمہ کے ترقیاتی منصوبے میں مبینہ کرپشن سے متعلق شکایات موصول ہوئی ہیں جس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔