لاہور ( خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی،پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی ذاتی مفادات کی سیاست نے ملک کو بستر مرگ تک پہنچا دیا۔جان بوجھ کر خانہ جنگی کسی صورت حال پیدا کی جا رہی ہے، یاد رہے حالات مزید خراب ہوئے اور سنجیدگی نہ اپنائی گئی تو ملک کی ایٹمی صلاحیت کو بھی خطرہ ہو سکتا ہے۔ اگر پاکستان کو شام اور سوڈان نہیں بنانا تو الیکشن کی طرف جانا ہو گا۔ موجودہ حالات میں بھی ڈائیلاگ واحد راستہ ہے جسے اختیار کر کے بہتری آ سکتی ہے۔ ڈائیلاگ کی ضرورت جتنی آج ہے پہلے نہ تھی۔ جماعت اسلامی نے قومی انتخابات کے لیے روڈ میپ دیا ہے، تمام سیاسی سٹیک ہولڈر سے اپیل کرتے ہیں کہ الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے پیدا کریں اور عوام کو فیصلے کا اختیار دیں۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ جلسے جلوس ہر پارٹی کا آئینی اور قانونی حق ہے، لیکن قیادت کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ پرامن احتجاج کو یقینی بنائے۔ اگر حکومت خود ہی جلسے جلوسوں کا راستہ اختیارکرے گی تو عوامی مسائل اور مشکلات پر کون توجہ دے گا؟۔ بعدازاں دیربالا میں ورکرز کنونشن سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا سیاسی محاذ آرائی سے معیشت تباہ ہو گئی۔ ہوائی اڈوں سمیت دیگر قومی اثاثوں کی پرائیوٹائزیشن اور فروخت کے آپشن زیرغور ہیں۔ گندم کی بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر پابندی ختم کی جائے۔ پنجاب سے خیبر پی کے بھیجی جانے والی گندم کو روکا جا رہا ہے جہاں آٹے کی قلت ہے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران سراج الحق نے نظم سے توثیق کے بعد دیربالا این اے 5 کے لیے جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی کے امیدوار طارق اللہ اور پی کے 10، پی کے 11 اور پی کے 12 کے لیے صوبائی اسمبلی کے امیدواران محمد علی، ملک اعظم خان اور عنایت اللہ خان کا بھی اعلان کیا اور کارکنان کو آئندہ الیکشن کے لیے بھرپور تیاری کے آغاز کی ہدایات جاری کیں۔
پاکستان کو شام‘ سوڈان نہیں بنانا تو الیکشن کی طرف جانا ہوگا: سراج الحق
May 14, 2023