لاہور (اے پی پی)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر (ترمیمی)آرڈیننس 2023 اور پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری آرڈیننس اتھارٹی(ترمیمی) آرڈیننس 2023 جاری کر دیئے۔ترجمان گورنر ہائوس کے مطابق ہنگامی حالات میں دفعہ 144 (کریمنل پروسیجر کوڈ)کا نفاذ قانونی پیچیدگیاں لاتا تھا،قانونی پیچیدگی کے باعث ہنگامی حالات میں ہر کیس کو فوری طور پر کابینہ میں ریفر کرنا فوری عملی طور پر ممکن نہیں تھا۔ ترمیمی آرڈیننس کے اجرا سے ہنگامی حالات میں دفعہ 144(کریمنل پروسیجر کوڈ)کے نفاذ میں قانونی پیچیدگیوں کو دور کر کے اس کی عملداری کو سہل بنایا گیا ہے۔ترمیمی آرڈیننس سے ڈپٹی کمشنر یا حکومت کی طرف سے کوئی بھی افسر جسے حکومت نے اختیار دیا ہو سیکشن 144(کریمنل پروسیجر کوڈ)کے تحت ہنگامی صورتحال کے فوری کیسز میں احکامات جاری کر سکے گا نیز گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پنجاب ایگری کلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی آرڈنینس کو بھی نافذ کردیاہے۔ پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ 2018 کی دفعات پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور مارکیٹ کمیٹیوں میں سیاسی طور پر تعینات افراد کو فوری طور پر برطرف کرنے کی ضرورت پورا نہیں کرتی تھیں ،یہ ترمیمی آرڈیننس الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات پر عملدرآمد کرنے کے لیے پیش کیا گیا،اس ترمیمی آرڈیننس کے ذریعے الیکشن کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی اور مارکیٹ کمیٹیوں کے بورڈز میں سیاسی بنیادوں پر تعینات افراد کو فوری طور پر برخاست کیا جا سکے گا۔